0
Thursday 14 Nov 2013 10:48

اسوہ حسینی کو مشعل راہ بنا کر باطل قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، جماعت اہلسنت

اسوہ حسینی کو مشعل راہ بنا کر باطل قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، جماعت اہلسنت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ تراب الحق قادری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام دین فطرت ہے جس کو ظلم و بربریت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا، بدامنی، دہشت گردی صالحین کے ذکر سے دور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے ظلم و جبر کے آگے جھکنے پر موت کو ترجیح دے کر بے مثال شجاعت و استقلال کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے اسوہ حسینی کو مشعل راہ بنا کر ظالم اور باطل قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ جامع مسجد گلزار حبیب میں محفل ذکر امام حسین (ع) سے مولانا خلیل الرحمان چشتی نے خطاب میں کہا کہ شہدائے کربلا (ع) نے جرات و شجاعت اور ایثار و قربانی کے ساتھ امت کو حق و صداقت کا لازوال درس دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین (ع) نے یزید کی بیعت سے انکار کرکے دین مصطفی (ص) کی دعوت و تبلیغ کیلئے شہادت کو فوقیت دی۔ 

خلفائے راشدین مسجد گلشن اقبال میں محرم کی محفل سے خطاب میں مولانا کامران قادری نے کہا کہ امام حسین (ع) نے وقت شہادت بھی نماز ادا کی لہٰذا مسلمان کردارِ حسینی کو مشعل راہ بناتے ہوئے فرائض و واجبات کی وقت پر ادائیگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشوراء تاریخ اسلام کا اہم ترین واقعہ ہے کہ اس دن نواسہ رسول حضرت سیدنا امام حسین (ع) کو ظالم یزیدی افواج نے میدان کربلا میں بھوکا پیاسا شہید کیا۔ مدینہ مسجد نزد لانڈھی تھانہ میں علامہ شاہ مظہر الحق قادری، جامع مسجد غوث الاعظم بلدیہ ٹاﺅن میں مولانا ناصر خان ترابی، کوثر مسجد شاہ فیصل کالونی میں سید راشد علی قادری، فاروقی مسجد گلبہار میں عبدالحفیظ معارفی، اقصیٰ مسجد کھوکھراپار ملیر میں قاضی بلال قادری نے محفل ذکر حسین (ع) سے خطاب میں شہدائے کربلا (ع) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے حق و باطل کے فرق کو واضح کرکے رہتی دنیا تک مثال پیش کی۔ شب ِ عاشور جمعرات محفل ذکرِ امام حسین (ع) سے حبیب مسجد مقبول آباد سوسائٹی میں بعد نماز عشاء علامہ سید شاہ تراب الحق قادری خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 320837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش