0
Thursday 14 Nov 2013 17:26

جمرود میں بم دھماکہ جبکہ بنوں میں پولیس چوکی پر حملے میں 3حملہ آور مارے گئے

جمرود میں بم دھماکہ جبکہ بنوں میں پولیس چوکی پر حملے میں 3حملہ آور مارے گئے
اسلام ٹائمز۔ خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے دو خاصہ دار فورس کے اہل کار جاں بحق ہوگئے۔ بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ اور جھڑپ میں 3حملہ آور مارے گئے۔ خاصہ دار فورس کے ذرائع کے مطابق تحصیل جمرود کے علاقے تختہ بیگ چیک پوسٹ کے قریب پاکستان، افغانستان شاہراہ پر سکیورٹی اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ بم دھماکہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔ دونوں اہل کار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے سے نیٹو کنٹینرز کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

دریں اثناء بنوں میں پولیس چوکی شیخ لنڈک پر شدت پسندوں کے بھاری ہتھیاروں سے حملے کے بعد اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں 3شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ شدت پسندوں کے جسم سے بندھی ہوئی خود کش جیکٹس ناکارہ بنادی گئیں۔ پولیس چوکی شیخ لنڈک پرتقریباً 20 شدت پسندوں نے حملہ کرتے ہوئے راکٹ داغے اور دستی بم پھینکے، فائرنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا ایک شدت پسند رات کو ہلاک ہوا تھا جبکہ دو شدت پسند جھاڑیوں میں چھپے ہوئے تھے جنہیں صبح ہوتے ہی اے ٹی ایس سکواڈ کے جانبازوں نے کارروائی کرکے ہلاک کردیا ، باقی شدت پسند رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس افیسر بنوں حاجی محمد اقبال خان نے بنوں پولیس لائن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس کے اہلکا روں کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردوں کے مذموم مقاصد خاک میں ملادیں گے۔ دریں اثناء پشاور میں رنگ روڈ پر اجینی بالا کے قریب کچرا کنڈی میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دھماکہ ہوا تاہم کسی کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 320925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش