QR CodeQR Code

امام حسین (ع) نے انسانیت کے سامنے حق و باطل کا فرق واضح کر دیا، علامہ نسیم صدیقی

14 Nov 2013 20:41

اسلام ٹائمز: عشرہ محرم کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت سندھ کے رہنماء نے کہا کہ امت مسلمہ کو یزیدی قوتوں کے خلاف نبرد آزما رہنے کیلئے حسینی کردار سے رہنمائی لیکر اس شعور کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان سندھ کے ناظم تعلیم و تبلیغ علامہ نسیم احمد صدیقی نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا (ع) نے دین اسلام کو اصل حیثیت میں برقرار رکھنے کیلئے جان و مال اور عزیز و اقارب کی قربانیاں دیکر تاریخ رقم کی۔ امام حسین (ع) و شہدائے کربلا (ع) سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شرعی احکامات کی پابندی کریں۔ علامہ نسیم احمد صدیقی نے مجلس میلاد مصطفیٰ (ص) کے تحت ٹمبر مارکیٹ رنچھوڑ لائن میں عشرہ محرم الحرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ کربلا میں سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) نے عزم و استقامت اور اتباع رسول (ص) کے ساتھ حق و صداقت کا عَلم بلند رکھا۔ حضرت امام حسین (ع) نے حق و باطل کے فرق کو واضح کرکے انسانیت کیلئے مثال پیش کر دی۔ علامہ نسیم صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو آج کی یزیدی قوتوں کے خلاف نبرد آزما رہنے کیلئے حسینی کردار سے رہنمائی لیکر اس شعور کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں امام عالی مقام (ع) نے دین اسلام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرکے وہ مقام اولیٰ حاصل کیا جو رہتی دنیا تک انسانیت کو جبر و استبداد کے خلاف جہاد کا درس دیتا رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 320973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/320973/امام-حسین-ع-نے-انسانیت-کے-سامنے-حق-باطل-کا-فرق-واضح-کر-دیا-علامہ-نسیم-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org