0
Friday 15 Nov 2013 00:39

کراچی، 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا

کراچی، 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوگیا، عزادار راستے بھر نوحے پڑھ کر اور ماتم کرکے شہدائے کربلا کاغم مناتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق 9 محرم کی مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور امام عالی مقام اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مجلس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوا، عزادار نوحے پڑھتے اور ماتم کرتے منزل کی جانب بڑھتے رہے، جلوس عزا میں علم اور تابوت بھی برآمد کئے گئے۔ جلوس ایم اے جناح روڈ پہنچا تو شرکاء نے آئی ایس او کراچی کے تحت امام بارگاہ علی رضا کے سامنے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی امامت میں ہی نماز ظہرین ادا کی۔

نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس پھر منزل کی جانب رواں دواں ہوگیا، سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے، 18 ہزار سے زائد پولیس اور 7 ہزار کے قریب رینجرز اہلکار جلوس کی حفاظت پر مامور تھے۔ جلوس کے ساتھ اسکاؤٹس بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی سے نبھا رہے تھے، جلوس کے راستوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کے علاوہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ عزاداروں کیلئے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں، ٹرکوں پر بھی نذر و نیاز بانٹی گئی، نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پرختم ہوگیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا،جلوس میں شامل عزادران نے شہداء کربلاکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔یاد رہے کہ کراچی میں نو محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئی، جس کے بعد مرکزی جلوس روانہ ہوا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادرپہنچا تھا۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ایم اے جناح روڈ پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، جلوس کے راستوں پر رینجرز کی عارضی چوکیاں بھی قائم کی گئی تھیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ کو ملنے والے راستے کنٹینر اور قناعتیں لگا کر بند کردیئے گئے تھے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو اسٹینڈ بائی رکھا گیاتھا۔دوسری جانب سوک سینٹر میں سیکیورٹی کیمروں کے ذریعے جلوس کو مکمل طور پر مانیٹر کیا گیا اور لمحے لمحے کی صورتحال سیکیورٹی حکام کا آگاہ رکھا گیا تاکہ کسی بھی دہشتگردی کے منصوبے کو ناکام بنایا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 321036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش