0
Friday 15 Nov 2013 01:54

قومی راہنما متحد ہو کر امریکہ کو ڈرون اور طالبان کو خودکش حملے بند کرنے پر مجبور کریں، حامد رضا

قومی راہنما متحد ہو کر امریکہ کو ڈرون اور طالبان کو خودکش حملے بند کرنے پر مجبور کریں، حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے تمام سیاسی و مذہبی راہنماؤں کو خصوصی خط ارسال کیا ہے جس میں قومی قیادت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حالات کی سنگینی کا احساس کریں اور قیام امن، امریکہ اور طالبان سے نجات اور معاشی بحران کے خاتمے کے ایجنڈے پر متحد ہوجائیں، کیونکہ ملک و قوم کو اس وقت نفاق نہیں، اتفاق کی ضرورت ہے۔ ملک دشمن عالمی سازشوں کے توڑ کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے، اس لیے احتیاط اور اعتدال کا اراستہ اختیار کرنا ہوگا۔ قومی قیادت خطے سے امریکہ کو نکالنے کے لیے یکسو ہو جائے اور تمام قومی راہنما امریکہ نواز خارجہ پالیسی ختم کرنے اور نفاذِ نظام مصطفٰے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرکے ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔ قومی راہنما قوم کو تقسیم اور کنفیوز کرنے والے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں، کیونکہ قومی انتشار کا فائدہ دشمنان پاکستان اٹھا رہے ہیں۔ قومی راہنما پاک فوج اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متنازعہ بنانے کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔ امریکہ ہمیں آپس میں لڑا کر کمزور کر رہا ہے۔ قومی راہنما متحد ہو کر امریکہ کو ڈرون حملے اور طالبان کو خودکش حملے بند کرنے پر مجبور کریں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی نیو ورلڈ آرڈر اسلام دشمنی پر مبنی ہے، اس لیے تمام سیاسی و مذہبی راہنما امریکی نیو ورلڈ آرڈ کی مزاحمت کے لیے مفاہمت کی روش اپنائیں۔ خط میں تجویز دی گئی ہے کہ دہشت گردی، امریکہ سے تعلقات اور معاشی بحران کے موضوع پر حکومت پانچ روزہ گریٹ ڈیبیٹ کروائے، جس میں تمام ملکی مسائل پر مشترکہ نیشنل ایجنڈا ’’میثاق پاکستان‘‘ کے نام سے تیار کیا جائے اور تمام سیاسی و مذہبی راہنما اس میثاق پاکستان پر دستخط کرکے اس پر عمل کا حلف اٹھائیں۔

خط میں کہا ہے کہ ملک کو گھمبیر حالات سے نکالنا قومی قیادت کے تدبر اور دانش کا امتحان ہے۔ قوم شدید مایوسی اور مسائل کا شکار ہے۔ ملک مہنگائی اور دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور ملکی سلامتی کو شدید خطرات درپیش ہیں۔ ان حالات میں سیاسی دشمنیاں بھول کر ملک بچانے کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے، اگر آج قومی قیادت نے متحد ہو کر قومی و عوامی مسائل کے حل کے لیے کچھ نہ کیا تو ملک کسی بڑے سانحے سے دو چار ہوسکتا ہے۔ ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کے لیے قومی قیادت اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور جوش کی بجائے ہوش سے ملکی مفاد میں فیصلے کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 321061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش