QR CodeQR Code

پولیس اور رضاکاروں کی مدد سے دہشتگردوں کے تمام منصوبے خاک میں ملا دیئے، ڈی جی رینجرز سندھ

16 Nov 2013 13:50

اسلام ٹائمز: میجر جنرل رضوان اختر نے رینجرز افسران اور جوانوں کی امن و امان بحال رکھنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ محرم الحرام خصوصاَ یوم عاشور پر قیامِ امن یقناً اللہ تعالیٰ کی مدد، علماء کرام اور عوام کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل رضوان اختر نے سندھ بھر میں عاشوراء محرم کے پرامن انعقاد پر سیکورٹی پر مامور افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور امن و امان بحال رکھنے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ اس سال بدلتے ہوئے ملکی حالات اور کراچی میں جاری آپریشن کی بدولت دہشتگردی کے خطرات سروں پر منڈلا رہے تھے۔ دہشتگردوں کی جانب سے دی گئی دھمکیوں اور شر انگیز بیانات کی وجہ سے دہشت گردی کا بہت زیادہ اندیشہ تھا۔ پاکستان رینجرز (سندھ) نے ان حالات کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور اس ضمن میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سیکورٹی پلان وضع کیا اور پولیس کے ساتھ ملکر ٹارگیٹڈ آپریشنز کا ایک سلسلہ شروع کیا جو کہ بلاتفریق رنگ و نسل جاری ہے۔ ان ٹارگیٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں نہ صرف دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا بلکہ ان سے دوبدو مقابلے بھی کئے گئے۔ ان مقابلوں میں کئی جرائم پیشہ افراد اور دہشت گرد مارے گئے اور پاکستان رینجرز (سندھ) کے دو جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ 

میجر جنرل رضوان اختر نے کہا کہ رینجرز کی مسلسل کارروائیوں کی بدولت دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے اور محرم الحرام کے موقع پر پولیس اور رضاکاروں کی مدد سے دہشت گردی کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ محرم الحرام خصوصاَ یوم عاشور پر امن و امان کو قائم رکھنے کے حوالے سے کامیابی یقناً اللہ تعالیٰ کی مدد، علماء کرام اور عوام کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) نے کہا کہ مستقبل میں بھی سونپی گئی ذمہ داریوں کو پولیس کے ساتھ ملکر انشاءاللہ احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔ آج کی کامیابی ادھوری رہے گی جب تک ہم سب ملکر کراچی میں مکمل اور پائیدار امن نہ لے آئیں۔


خبر کا کوڈ: 321435

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/321435/پولیس-اور-رضاکاروں-کی-مدد-سے-دہشتگردوں-کے-تمام-منصوبے-خاک-میں-ملا-دیئے-ڈی-جی-رینجرز-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org