QR CodeQR Code

آزاد کشمیر میں عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روکا جا سکتا، بیرسٹر سلطان

18 Nov 2013 10:42

اسلام ٹائمز: برنالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اے جے کے کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں پارٹی کا اگلا الیکشن جیتنا تو درکنار الیکشن میں جانا بھی مشکل ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب عوامی انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ چوہدری مجید اور ان کے تین وزراء نے پارٹی کو بدنام کیا ہے۔ باقی تمام وزراء اور ممبران اسمبلی بھی سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں کیونکہ اس صورتحال میں اگلا الیکشن جیتنا تو درکنار اس میں جانا بھی مشکل ہو جائے گا۔ لہذا آزاد کشمیر میں ایک ایسی حکومت قائم کی جانی چاہیے جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے برنالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ میں نے عدم اعتماد کی قرارداد ممبران اسمبلی، پارٹی کارکنوں اور عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے حکومت کی تبدیلی کے لیے آئینی و جمہوری طریقے سے پیش کی تاہم اسے کسی طریقے سے روکا گیا اور اب اس نااہل اور کرپٹ حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے اور شاید اسی لیے اس کو حکومت کو مزید موقع ملا ہے کہ اس کی رسوائی میں مزید اضافہ لکھا ہوا ہے۔ جلسہ عام کی صدارت نمبردار منصور نے کی جبکہ جلسہ سے چوہدری عنایت اللہ، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید، سابق ایڈمنسٹریٹر بھمبر چوہدری ریاض کسگمہ، چوہدری مشتاق، چوہدری خورشید چیچی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 322004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/322004/آزاد-کشمیر-میں-عوامی-انقلاب-کا-راستہ-نہیں-روکا-جا-سکتا-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org