QR CodeQR Code

شیعہ سنی علماء نے اسلام دشمن تکفیری ٹولے کو بے نقاب کر دیا ہے، اطہر عمران

18 Nov 2013 18:49

اسلام ٹائمز: آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد جن شرپسند عناصر نے راولپنڈی، ملتان، چشتیاں، کوہاٹ اور جامشورو میں علم حضرت عباس علیہ السلام اور امام بارگاہوں کی بے حرمتی کی ہے، اُن کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ کوئی شرانگیزی نہ کرسکے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا ہے کہ روز عاشور راولپنڈی میں ہونیوالے واقعہ میں اسلام اور ملک دشمن عناصر شامل ہیں، جو شیعہ سنی کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہے ہیں۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، چشتیاں، ملتان اور کوہاٹ سمیت ملک بھر میں ہونیوالی عزاداری کے خلاف سازشوں سے حکومتی نااہلی ثابت ہوچکی ہے۔ اُنہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی دشمن ہے جس نے پہلے اسلام آباد میں شرانگیزی کی اور اب جھوٹا پراپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے کہ راولپنڈی کے مدرسے میں خواتین اور بچوں کو ذبح کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جن شرپسند عناصر نے راولپنڈی، ملتان، چشتیاں، کوہاٹ اور جامشورو میں علم حضرت عباس علیہ السلام اور امام بارگاہوں کی بے حرمتی کی ہے، اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ کوئی شرانگیزی نہ کرسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں میں قرآن پاک شہید کیے گئے، علم حضرت عباس پر اللہ تعالٰی اور نبی اکرم (ص) کے نام تھے، جن کی بے حرمتی کی گئی۔ ملک میں شیعہ سنی کا کوئی جھگڑا نہیں جس کا واضح ثبوت گذشتہ تین دنوں سے منظر عام پر آگیا ہے اور شیعہ سنی علماء نے متفقہ طور پر اس تکفیری ٹولے کی نشاندہی کر دی ہے، جس کا دین اور مذہب سے کوئی تعلق ہی نہیں۔


خبر کا کوڈ: 322199

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/322199/شیعہ-سنی-علماء-نے-اسلام-دشمن-تکفیری-ٹولے-کو-بے-نقاب-کر-دیا-ہے-اطہر-عمران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org