0
Wednesday 20 Nov 2013 13:02

جنیوا، اسلامی جمہوری ایران اور عالمی طاقتوں کے مذاکرات آج پھر ہونگے

جنیوا، اسلامی جمہوری ایران اور عالمی طاقتوں کے مذاکرات آج پھر ہونگے
اسلام ٹائمز۔ جنیوا میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مذاکرات کامیاب ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ اس سے قبل ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں تین روزہ مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوگئے تھے۔ تین روزہ مذاکرات کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی برادری کو لاحق خدشات کو ختم کرنا تھا۔ ان مذاکرات میں ایران کے ساتھ امریکہ، برطانیہ، روس، فرانس، چین اور جرمنی شریک تھے۔ اس سے قبل ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو عالمی رہنماؤں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لئے غیر ضروری مطالبات نہ کریں۔ مغربی ممالک الزام لگاتے ہیں کہ ایران کا یورینیئم کی افزودگی کا مقصد جوہری ہتھیار بنانا ہے جبکہ ایران اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے کانگریس کو ایران پر پابندیاں لگانے کے لئے صبر سے کام لینے کا کہا ہے۔ صدر اوباما کا کہنا ہے کہ پابندیاں تہران کو اشتعال میں لاسکتی ہیں۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں میں جوہری مذاکرات، شام کی صورت حال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ دوبارہ شروع ہونے والے مذاکرات میں اس پیش رفت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ برطانیہ اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے کوششیں جاری رہنی چاہیں۔ برطانیہ اور ایران نے شام میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے اس کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ برطانوی وزیرِاعظم کی سرکاری رہائش ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے ڈیوڈ کیمرون وہ پہلے وزیرِاعظم ہیں جنھوں نے ایک عشرے کے بعد ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو ٹیلی فون کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 322742
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش