0
Thursday 21 Nov 2013 02:26

کوئٹہ، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کیخلاف 26 نومبر کو اے پی سی بلاینگے، اے این پی

کوئٹہ، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کیخلاف 26 نومبر کو اے پی سی بلاینگے، اے این پی

اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی نے ارباب عبدالظاہر کاسی، ڈاکٹر عبدالمناف ترین سمیت صوبے میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف 26 نومبر کو کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما کاسی قبیلے کے سربراہ ارباب عبدالظاہر کاسی اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر عبدالمناف ترین کی بازیابی کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ہم احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کی عدم بازیابی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ انہوں نے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی کیونکہ ہم نے ان کی بازیابی کیلئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔ جو تاحال شروع نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی کوئی چھاپہ مار کارروائی کی گئی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ نے ارباب عبدالظاہر کاسی اور ڈاکٹر مناف ترین کی بازیابی کے حوالے سے ان کے خاندان یا سیاسی جماعت سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ جس سے حکومت اور اداروں کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کیونکہ موجودہ حکومت کے اتحادی اور صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے اس کا برملا اظہار کیا ہے کہ موجودہ حکومت معاملات کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی حالانکہ وہ خود حکومت میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اپوزیشن میں رہتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان اور حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں لیکن وزیراعلٰی بلوچستان نے ارباب عبدالظاہر کاسی اور ڈاکٹر عبدالمناف ترین کے بازیابی کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ 6 نومبر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بلاکر چند گھنٹوں کے بعد اسے ملتوی کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اب حکمران اور ارباب اختیار ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی کے حوالے سے کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ اگر یہی روش برقرار رہی تو ہم بلوچستان اسمبلی کے سامنے اجلاس کے دوران احتجاجی دھرنا دینگے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے سامنے بھی احتجاجی دھرنے کا آپشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ارباب عبدالظاہر کاسی اور ڈاکٹر مناف ترین کی عدم بازیابی کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرائی تھی تاکہ اجلاس بلاکر اس سلسلے میں تفصیلی بحث کی جائے اور کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے۔ لیکن اجلاس کو بلا کر ملتوی کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ارباب عبدالظاہر کاسی اور ڈاکٹر عبدالمناف ترین کی عدم بازیابی سمیت صوبے میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف 26 نومبر کو کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرینگے۔ جس میں شرکت کیلئے تمام جماعتوں کو دعوت دینگے تاکہ ایک مستقل اور متفقہ لائحہ عمل سامنے آ سکے اور صوبے میں بڑھتی ہوئی اغواء کاری کی وارداتوں کا تدارک کرکے ارباب عبدالظاہر کاسی اور ڈاکٹر مناف ترین کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 323061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش