QR CodeQR Code

حکومت علما کو آپس میں لڑانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،حافظ حسین احمد

21 Nov 2013 18:54

اسلام ٹائمز:جے یو آئی کے مرکزی رہنما نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے علماء پر الزام عائد کیا کہ اگر راولپنڈی سانحہ کی آگ مزید بھڑکی تواس کی تمام تر ذمہ دار ی علماء پر ہوگی لیکن میں یہ دعوے سے کہتا ہوں کہ اگر علماء اپنا مثبت کردار ادا نہ کرتے تویہ آگ کبھی نہ بجھتی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ راولپنڈی واقعہ ہرگز فرقہ واریت نہیں بلکہ اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے ،اگر ایسا ہوتا تو ملک کی گلیاں خون سے رنگین ہوتیں، سانحہ راولپنڈی کیخلاف جے یو آئی (ف) جمعہ کو بھرپور احتجاج کرے گی اور قوم سے اپیل ہے کہ ایسی عالمی سازشوں کو ناکام بنایا جائے، نواز شریف اوبامہ سے ملاقات میں پرویز مشرف اور شکیل آفریدی کی رہائی کی ڈیل کر چکے ہیں لیکن انہوں نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوئی بات نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مدینہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے علماء پر الزام عائد کیا کہ اگر راولپنڈی سانحہ کی آگ مزید بھڑکی تو اس کی تمام تر ذمہ دار ی علماء پر ہو گی لیکن میں یہ دعوے سے کہتا ہوں کہ اگر علماء اپنا مثبت کردار ادا نہ کرتے تو یہ آگ کبھی نہ بجھتی، حکومت تمام علماء کو آپس میں لڑانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بوسیدہ بیساکھیاں ہیں،یہ خاک خارجہ پالیسی تشکیل دیں گے، ڈرون حملوں کی اجازت پر ویز مشرف نے دی، ریمنڈ ڈیوس کو عدالت کی چھتری تلے باہر بھیجا گیا، نواز شریف اوبامہ سے ملاقات میں پرویز مشرف اور شکیل آفریدی کی رہائی کی ڈیل کرچکے ہیں لیکن انہوں نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوئی بات نہیں کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج تک لیاقت علی خان اور بینظیر بھٹو کے قتل سمیت جتنے بھی سانحے ہوئے ان پر صرف کمیشن بنا دئیے گئے لیکن ان کمیشنز کی رپورٹس منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو غیر قانونی طور پر صوبہ بنایا گیا اور ایک آغا خانی کو اس کا گورنر بنا کر آصف علی زرداری نے اپنی جیبیں تو بھر لیں لیکن کشمیریوں کی پیٹھ میں چُھرا گھونپ دیا۔


خبر کا کوڈ: 323281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/323281/حکومت-علما-کو-آپس-میں-لڑانے-کی-پالیسی-پر-عمل-پیرا-ہے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org