0
Thursday 21 Nov 2013 19:03

وزیراعلیٰ پنجاب نے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کو فی الفور ضبط کرنے کا حکم دیدیا

سانحہ راولپنڈی کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب نے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کو فی الفور ضبط کرنے کا حکم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، صوبے کو امن و امان کا گہوارہ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز، انتظامیہ اور پولیس حکام صوبے میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں متحرک اور فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں تاکہ کوئی شرپسند امن و امان کی صورتحال کو خراب نہ کر سکے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے جمعہ کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس حکام چوکس رہیں اور تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر مزید نفری تعینات کی جائے۔ وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے کے 9 ڈویژنوں میں ارکان اسمبلی، کمشنرز، آر پی اوز اور متعلقہ حکام سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام کے علاوہ تمام ڈویژنوں کے انچارج وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر، انتظامیہ اور پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے ویڈ یو لنک کے ذریعے دو گھنٹے سے زائد خطاب کیا اور اراکین اسمبلی، انتظامیہ اور پولیس کو امن و امان کی فضا قائم رکھنے کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام اضلاع میں اراکین اسمبلی، انتظامیہ اور پولیس حکام مشترکہ حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں اور علمائے کرام وتاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ اضلاع کی سطح پر امن کمیٹیوں کو متحرک اور فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے تمام احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں اور کسی کو بھی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے، بلاشبہ راولپنڈی کے واقعہ کے بعد علمائے کرام نے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے، میری علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور اتحاد و یگانگت، تحمل، برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کے لئے اپنا مزید موثر کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبے میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کو فی الفور ضبط اور وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والو ں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قومی ذمہ داری سمجھ کر فرائض سرانجام دینے والے پولیس اور انتظامی افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور میں امید کرتا ہوں کہ جمعۃالمبارک کے موقع پر بھی بہترین اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنا کر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ راولپنڈی کے واقعہ کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی ہے اور اس ضمن میں انتظامی مشینری کیساتھ ساتھ علماء کرام اور میڈیا کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، راولپنڈی میں تمام متاثرہ دکانوں، مسجد اور مدرسہ کی تعمیر فی الفور کی جائے گی اور اس کیلئے پنجاب حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 323287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش