0
Saturday 23 Nov 2013 14:44

پیپلز پارٹی (شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کیجانب سے انچولی دھماکوں کی شدید مذمت

پیپلز پارٹی (شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کیجانب سے انچولی دھماکوں کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں یک بعد دیگر ہونیوالے بم دھماکوں کے نتیجے میں جیو کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر سالک جعفری سمیت 7 افراد کے جاں بحق اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد قوتیں کئی عرصے سے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں میں مصروف ہیں جبکہ حکومت وقت اور انکے تمام ادارے مذکورہ ملک دشمن سازشوں کے خلاف موثر اور کارآمد حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ہونے والی عالمی جنگ میں پاکستان کو فرنٹ لائین اسٹیٹ کا درجہ دینے والی مشرف حکومت نے سامراجی قوتوں کیلئے اپنی سرحدیں کھول کر ملک کو بین الاقوامی دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا دیا، جس کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے نام نہاد جمہوری حکومتوں نے بھی سامراج نواز اندرونی اور بیرونی پالیسیوں کو برقرار رکھا ہوا ہے
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ مشرف حکومت اور نام نہاد جمہوری حکومتوں کی ساراج نواز پالیسیوں کی وجہ سے ملک دہشتگردی کے لپیٹ میں ہے اور ہزاروں معصوم اور بے گناہ افراد دہشتگردی کے نذر ہو چکے ہیں لیکن عقل و دانش سے عاری حکمران طبقہ اپنی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی لانے سے قاصر ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ متحد و منظم ہو کر سامراج نواز حکمران طبقات کے خلاف جدوجہد کریں تاکہ موجودہ فرسودہ طبقاتی نظام سے مکمل چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ غنویٰ بھٹو نے حکومت وقت پرزور دیا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج معالجہ مفت کروایا جائے اور عوام دشمن و امن دشمن قوتوں کی سرکوبی کیلئے جامع اور موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 323830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش