QR CodeQR Code

سانحہ راولپنڈی، چند تبادلوں سے جذبات ٹھنڈے نہیں ہونگے، وسیم اختر

23 Nov 2013 19:04

اسلام ٹائمز:امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارہ کیلئے ضروری ہے کہ ہم امریکہ کی نام نہاد جنگ سے نکلنے کا فوری اعلان کریں، ڈرون حملوں کو بند کیا جائے اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کراچی کے علاقے انچولی میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں، پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارہ کیلئے ضروری ہے کہ ہم امریکہ کی نام نہاد جنگ سے نکلنے کا فوری اعلان کریں، ڈرون حملوں کو بند کیا جائے اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف کے غلط فیصلوں کانتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے، وہ ایک قومی مجرم ہے جس کے گناہوں کی فہرست طویل ہے، سابق ڈکٹیٹر کو قرار واقعی سزا دے کر ہم مارشل لاء کا راستہ ہمیشہ کیلئے روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک مزید کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے دانش مندانہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے مزید کہا کہ قوم کو تشویش ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے مجرمان تاحال گرفتار نہیں ہوئے، محض چند تبادلے کر کے عوام کے جذبات کو ٹھنڈا نہیں کیا جا سکتا، سانحہ راولپنڈی پولیس کی نااہلی ہے جسے دبانے کی کوشش ہو رہی ہے، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، پاکستان درحقیقت مسائلستان بن چکا ہے، مسائل کے انبار لگے ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رنگتی۔


خبر کا کوڈ: 323915

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/323915/سانحہ-راولپنڈی-چند-تبادلوں-سے-جذبات-ٹھنڈے-نہیں-ہونگے-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org