QR CodeQR Code

سانحہ راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ میں عدم رابطے کے باعث پیش آیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی

25 Nov 2013 18:30

اسلام ٹائمز:ذرائع کے مطابق3 رکنی کمیٹی نے جائے وقوعہ، سی سی ٹی وی فوٹیج کا تفصیلی جائزہ لیا ، پولیس اور انتظامیہ سمیت 150 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کئے گئے،آئندہ دو سے تین دن میں رپورٹ کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کردی جائے گی


اسلام ٹائمز۔ سانحہ راولپنڈی کے اصل اسباب جاننے کیلئے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں انتظامیہ اور پولیس کی غفلت کو واقعہ کاسبب قرار دیا گیا ہے۔ 3 رکنی کمیٹی نے جائے وقوعہ، سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جبکہ پولیس اور انتظامیہ سمیت 150 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ابتدائی رپورٹ مکمل کی ہے جسے آئندہ دو سے تین میں حتمی شکل دینے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایاہے کہ سابق چیئرمین وزیراعلی انسپکشن ٹیم نجم سعید کی سربراہی میں ندیم ارشاد کیانی اور محمد عملش فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے دس محرم کو پیش آنیوالے افسوسناک واقعے کی انکوائری رپوٹ میں پولیس اور ضلعی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

کمیٹی نے پولیس اور انتظامیہ سمیت 150 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کئے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ سانحے کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کمیٹی نے نجی ٹی وی چینلز سے واقعے کے روز عکس بند کی گئی فوٹیجز بھی حاصل کیں۔ مختلف پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد ابتدائی رپورٹ کو حتمی شکل دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جلوس کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطہ اتنا مضبوط نہیں تھا جتنا ہونا چاہئے تھا، پولیس اور انتظامیہ میں عدم رابطے کے باعث سانحہ پیش آیا اور بروقت کارروائی نہ کرنے کے باعث اس میں شدت آئی۔ کمیٹی کی جانب سے سانحہ راولپنڈی کی ابتدائی رپورٹ اگلے دو روز میں وزیراعلی پنجاب کو پیش کی جائیگی۔ واضح رہے کہ عاشورہ کے روز راولپنڈی میں دو گروپوں میں تصادم کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ اس دوران شرپسند عناصر نے راجہ بازار اور ایک مسجد کو بھی آگ لگا دی تھی۔


خبر کا کوڈ: 324513

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/324513/سانحہ-راولپنڈی-پولیس-اور-انتظامیہ-میں-عدم-رابطے-کے-باعث-پیش-آیا-فیکٹ-فائنڈنگ-کمیٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org