0
Tuesday 26 Nov 2013 10:55

دیوار بنانے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہونے دینگے، سردار عتیق

دیوار بنانے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہونے دینگے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر دیوار برلن لگا کر جدوجہد آزادی کو بزور طاقت ختم کرنا چاہتا ہے۔ لائن آف کنٹرول ریاست جموں و کشمیر کے دوںوں اطراف کی عوام کے ساتھ سنگین مذاق اور دوری کا سبب ہے۔ دیوار برلن لگانے کے بھارتی منصوبے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے۔ ایل او سی پر دیوار برلن کی تعمیر سے پاک بھارت تعلقات خراب اور کشمیری عوام کے جذبات بھڑکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوٹلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی قیادت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، کشمیری منحوس کنٹرول لائن کو نہیں مانتے۔ لائن آف کنٹرول پر دیوار برلن بنانے کا کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔

سردار عتیق نے کہا کہ ریاستی جماعت مسلم کانفرنس دنیا بھر میں سفارتی جدوجہد کے ذریعے بھارتی عزائم خاک میں ملانے کے لیے کردار ادا کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے۔ کشمیری عوام کسی طور پر بھی بھارت کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر دیوار برلن کی تعمیر کا اعلان مضحکہ خیز اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے جس کا کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل نکالنا ابھی باقی ہے۔ ایسی صورت میں دیوار کی تعمیر غیر اخلاقی، غیر قانونی اور اشتعال انگیز کاروائی ہے جس کی مسلم کانفرنس نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ بھارت کو ہر قسم کی جارحیت سے روکنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

سردار عتیق احمد نے کہا کہ میں نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ میڈیا کے ذریعے بھارتی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جرمنی کے دیوار برلن باقی نہیں رہی تو بھارت کو اس منصوبہ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بھارت کچھ بھی کرے کشمیری اپنے پیدائشی حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ آزاد کشمیریوں کا مقدر ہے۔
خبر کا کوڈ : 324704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش