0
Tuesday 26 Nov 2013 19:28

سنی اتحاد کونسل نے ڈرون حملے روکنے کیلئے 14 نکاتی فارمولہ پیش کر دیا

سنی اتحاد کونسل نے ڈرون حملے روکنے کیلئے 14 نکاتی فارمولہ پیش کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے ڈرون حملے روکنے کے لیے چودہ نکاتی فارمولہ پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے فارمولے میں دی گئی تجاویز میں کہا ہے کہ -1حکومت ڈرون حملوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔ -2اقوام متحدہ کو ڈرون حملے روکنے پر مجبور کرنے کے لیے سلامتی کونسل کے مستقل ممبران سے رابطے کیے جائیں۔ -3ڈرون حملوں کے خلاف امریکی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، ممبران پارلیمنٹ اور سول سوساٹئی کے مشترکہ وفود امریکہ بھیجے جائیں۔ -4تمام ممبران پارلیمنٹ امریکی سفارتخانے کے سامنے ڈرون حملے رکنے تک ہر روز دھرنا دیں۔ -5 وزیراعظم تمام ممالک کے سفیروں کو بلا کر ڈرون حملوں پر پاکستانی قوم کے جذبات، احساسات، خدشات اور نقصانات سے آگاہ کریں۔ -6حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے دستخطوں سے ڈرون حملوں پر امریکی کانگریس کے ممبران کو خطوط ارسال کرے۔ -7حکومت امریکہ کو وارننگ دے کہ ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو طورخم اور چمن سے نیٹو سپلائی مکمل بند کر دی جائے گی اور امریکی ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان کی افغانستان سے واپسی میں تعاون نہیں کیا جائے گا۔ -8ہر پاکستانی ڈرون حملوں کے خلاف امریکی صدر اور امریکی سفیر کو احتجاجی خط ارسال کرے۔

-9دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کو ڈرون حملے کے خلاف آواز اٹھانے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ -10حکومت قبائلی علاقہ جات میں موجود غیرملکی دہشت گردوں کے خلاف خود آپریشن کرے تاکہ غیرملکی دہشت گردوں کی قبائلی علاقوں میں موجودگی کے بہانے امریکہ کو ڈرون حملے کرنے کا موقع نہ ملے۔ -11حکومت پورے ملک میں اپنی رٹ قائم کرنے کے لیے ہر طرح کے دہشت گردوں کے خلاف ریاستی طاقت استعمال کرے تاکہ دہشت گردوں کی وجہ سے ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے بے گناہ انسانوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ -12پاک افغان سرحد کو سیل کر کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان اور پاکستان سے افغانستان آمد و رفت روکی جائے۔ -13جمعہ 29نومبر کو سرکاری سطح پر ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا جائے اور اس روز تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر ڈرون حملوں کے خلاف جلوس نکالیں اور حکومتی وزراء بھی ان جلوسوں میں شریک ہوں۔ -14ڈرون حملوں پر امریکہ سے تعلقات خراب ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والی مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے حکومت خود اور عوام کو تیار کرے اور حکومت اور قوم قربانیاں دینے کے لیے تیار ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 324900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش