QR CodeQR Code

ایران اور عالمی طاقتوں کا معاہدہ قیام امن کی طرف اہم قدم ہے، علامہ ریاض شاہ

26 Nov 2013 19:46

اسلام ٹائمز:برطانیہ کے دورہ سے واپسی پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ جماعت اہل سنت کا کہنا تھا کہ مسلکی اختلافات کو ہوا دے کر اشتعال پیدا کرنے والے پاکستان دشمنوں کے مقاصد پورے کر رہے ہیں، اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے مسلکی، نسلی، لسانی اور علاقائی تعصبات کو ہوا دے کر انہیں لڑانا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈرون طیارے بنانا اہم کامیابی ہے، ڈرون حملوں کے خلاف تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہو جائیں، ایران اور عالمی طاقتوں کا معاہدہ قیام امن کی طرف اہم قدم ہے، امن کی بحالی حکومت اور اپوزیشن کا مشترکہ ایجنڈا ہونا چاہیے، جماعت اہلسنّت 29 نومبر کو جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچنے پر جماعت اہلسنّت کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا مسلکی اختلافات کو ہوا دے کر اشتعال پیدا کرنے والے پاکستان دشمنوں کے مقاصد پورے کر رہے ہیں، اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے مسلکی، نسلی، لسانی اور علاقائی تعصبات کو ہوا دے کر انہیں لڑانا چاہتے ہیں تاکہ مسلمان کبھی متحد نہ ہو سکیں اور ان کے دشمن انہیں اپنا محتاج بنا کر اپنے ناپاک مقاصد کی تکمیل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی راہنماؤں کو سمجھنا ہو گا کہ فرقہ وارانہ فسادات کا فائدہ امریکہ اور بھارت کو ہو رہا ہے، قومی اتفاق رائے سے ہی ڈرون حملے رک سکتے ہیں، حکومت بین المسالک ہم آہنگی کے لیے غیرسیاسی مذہبی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلائے، اہل حق خون کے آخری قطرے تک وطن عزیز کی حفاظت کرتے رہیں گے، محب وطن پاکستانی ملک بچانے کے لیے صف بندی کر لیں۔


خبر کا کوڈ: 324909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/324909/ایران-اور-عالمی-طاقتوں-کا-معاہدہ-قیام-امن-کی-طرف-اہم-قدم-ہے-علامہ-ریاض-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org