0
Tuesday 26 Nov 2013 23:51

پاک ایران گیس منصوبے میں رکاوٹ، امریکا کا طرز عمل منافقانہ ہے، ثروت اعجاز قادری

پاک ایران گیس منصوبے میں رکاوٹ، امریکا کا طرز عمل منافقانہ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امریکا کی اجارہ داری کو ختم کرکے ہی ملک کی خود مختاری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنائے۔ امریکا عالمی طور پر ایران سے جوہری توانائی کا معاہدہ کر سکتا ہے تو پھر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں کیوں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے خلاف امریکا کی دہری پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکا کا طرز عمل منافقانہ ہے، پاکستان کو توانائی کے بحران کیلئے اپنے فیصلے خود کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملکی سلامتی و خودمختاری پر خودکش حملے ہیں، سفارتی طور پر بہت احتجاج ہو چکا، جمہوری حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ڈرون حملے مار گرائے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پوراکرے وگرنہ عوام میں مایوسی پھیل جائے گی۔ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور عوام کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ تعلیم عام کرے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد جنیوا معاہدے پر عمل ہو جائے تو نہ صرف کشمیر آزاد و مختار ہوگا بلکہ خطے میں قیام امن کیلئے مثبت اثرات حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمے میں امریکا ٹانگ اڑا رہا ہے، ایک طرف پاکستان کے ساتھ توانائی کے بحران کو حل کرنے کیلئے کردار ادا نہیں کر رہا تو دوسری طرف توانائی کے خاتمے میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں رکاوٹ ڈال کر پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن نہ ہونے کی سازش میں مصروف ہے۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دہشتگردی کے پس پردہ سامراجی ہاتھ ملوث ہے، حکومت پاکستان صرف بیانات سے کام نہ لے ملک کے عوام پیٹ پر پتھر باندھ کر بھی ملک کو خود مختار بنانے کیلئے تیار ہیں۔ اب سیاسی قوتیں پاکستان کو خودمختار بنانے کیلئے فیصلے کریں۔
خبر کا کوڈ : 324981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش