QR CodeQR Code

لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف نئے آرمی چیف، جنرل راشد محمود چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر

27 Nov 2013 13:34

اسلام ٹائمز: صدر مملکت ممنون حسین نے دونوں لیفٹیننٹ جنرلز کو آئین کے آرٹیکل 3 کے تحت وزیراعظم نوازشریف کی سفارش پر ان عہدوں پر تقرری کی منظوری دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلآخر نئے آرمی چیف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کا معمہ حل ہو گیا۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کو نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا ہے۔ دونوں لیفٹیننٹ جنرلز کو 28 نومبر سے مذکورہ عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے دونوں لیفٹیننٹ جنرلز کو آئین کے آرٹیکل 3 کے تحت وزیراعظم نوازشریف کی سفارش پر ان عہدوں پر تقرری کی منظوری دی ہے۔ آرمی چیف جنرل کیانی کو آج رات وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے الوداعی عشائیہ دیا جائیگا۔ لیفٹیننٹ جنرل راحیل اس وقت انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن ہیں، سینیارٹی میں تیسرے نمبر پر تھے، گوجرانوالہ کے کورکمانڈر رہ چکے ہیں اور نشان حیدر پانے والے میجر شبیر شریف کے بھائی اور نشان حیدر میجر عزیز بھٹی شہید کے بھانجے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے، وہ کور کمانڈر لاہور رہے ہیں اور سابق صدر مملکت رفیق تارڑ کے ملٹری سیکریٹری بھی رہے ہیں اور جب جنرل اشفاق پرویز کیانی آئی ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل تھے، ان دنوں جنرل راشد آئی ایس آئی میں ان کے نائب تھے، اس کے علاوہ جنرل راشد سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ کے اے ڈی سی بھی رہ چکے ہیں۔ راشد محمود اس وقت چیف آف جنرل اسٹاف ہیں۔ دونوں لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریوں کا اطلاق 28 نومبر سے ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 325081

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/325081/لیفٹیننٹ-جنرل-راحیل-شریف-نئے-ا-رمی-چیف-راشد-محمود-چئیرمین-جوائنٹ-چیفس-ا-ف-اسٹاف-کمیٹی-مقرر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org