0
Thursday 28 Nov 2013 14:49

ایران کیخلاف اصلی پابندیاں ختم نہیں ہونگی، صرف نئی پابندیاں ملتوی کی جائیں گی، امریکہ

ایران کیخلاف اصلی پابندیاں ختم نہیں ہونگی، صرف نئی پابندیاں ملتوی کی جائیں گی، امریکہ

اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جن ساکی نے اپنی روزانہ کی بریفنگ میں کہا ہے کہ جنیوا سمجھوتے کے تحت ایران کے خلاف اصلی پابندیاں اپنی جگہ پر برقرار رہیں گی اور اس چھ ماہ کے عبوری سمجھوتے کے دوران صرف نئی پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے اس عبوری سمجھوتے میں ایران نے اپنی ایٹمی تاسیسات کے حوالے سے جو نظارت قبول کی ہے، اس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ جن ساکی کا مزید کہنا تھا کہ جنیوا سمجھوتہ ایسا پہلا معاہدہ ہے کہ جس میں ایران نے طولانی مدت کے لئے اس سے اتفاق رائے کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ جنیوا مذاکرات سے پہلے ہونے والی گفتگو کے نتیجے میں گذشتہ ہفتے طے ہونیوالے معاہدہ انجام پایا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ معاہدے سے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور اس پر اب بھی سخت پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا ایران کے ساتھ معاہدے سے گیس منصوبے پر امریکی مؤقف میں تبدیلی آئی ہے تو انہوں نے اس بات سے انکار کیا اور کہا کہ امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ محض ایک یاد دہانی ہے، جس میں بعض محدود پابندیوں میں نرمی کی بات کی گئی ہے، جو ایک پہلا قدم ہے اور اس کا اثر بنیادی پابندیوں پر نہیں ہوگا، لہٰذا ان پابندیوں کے حوالے سے ہمارے مؤقف میں تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔‘‘ امریکی دفترِ خارجہ میں بریفنگ کے دوران جین ساکی نے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر قتل کے الزامات عائد کرنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انہوں نے کہا گذشتہ ہفتے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر لگائے گئے ان الزامات کی وجہ سے ہمیں تشویش ہے۔ جین ساکی کا کہنا تھا کہ امریکہ طویل عرصے سے اس بات کا اظہار کرتا آیا تھا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے خلاف غیر منصفانہ طریق کار اختیار کیا گیا ہے۔ ہمیں ڈاکٹر شکیل کی صحت اور ان کی سلامتی سے متعلق تشویش ہے، ہم نے پاکستانی حکومت سے شکیل آفریدی اور ان کے خاندان کی حفاظت پر زور دیا ہے۔ ان کے خلاف منصفانہ سماعت کی یقین دہانی کرائی جائے۔

خبر کا کوڈ : 325467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش