QR CodeQR Code

بہترین فوج کی قیادت میرے لئے بڑا اعزاز ہے، جنرل کیانی

وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل کیانی کی الوداعی ملاقات

28 Nov 2013 16:43

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں وزیراعظم ہاوس میں ہونیوالے والی ملاقات میں نواز شریف نے پاک فوج کیلئے جنرل کیانی کی خدمات کو سراہا۔ اس سے پہلے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کا اجلاس ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے نواز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے پاک فوج کے لئے جنرل کیانی کی خدمات کو سراہا۔ اس سے پہلے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کا اجلاس ہوا، جس میں نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف آفیسرز بھی شریک ہوئے۔ جنرل کیانی نے کور کمانڈرز کانفرنس سے اپنے الوداعی خطاب میں اپنے رفقا کا شکریہ ادا کیا، جنرل راشد محمود اور جنرل راحیل شریف کو مبارکباد دی۔ جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کرنا ان کے لئے اعزاز ہے۔ ادھر جنرل راشد محمود نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا ہے۔ جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو چین آف کمان کی تقریب میں پاک فوج کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہیں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کین آف کمانڈ سونپیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا ہے کہ بہترین فوج کی قیادت میرے لئے بڑا اعزاز ہے، شہیدوں نے ملک و قوم کے لئے بے مثال قربانیاں دیں، جمہوریت کے استحکام کے لئے اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔ پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں الوداعی کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، ایک سو چھیاسٹھویں کور کمانڈر کانفرنس آرمی چیف جنرل کیانی کی زیر صدارت ہوئی، کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز نے شرکت کی۔ پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اپنے بیالیس سال سے زائد عرصہ پر محیط فوجی کیئریر سمیت بطور سربراہ پاک فوج چھ سالہ دور پر اظہار خیال کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بہترین فوج کی قیادت میرے لئے بڑا اعزاز ہے، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سپاہی کا میرے ساتھ کھڑا ہونا اعزاز ہے، جنرل کیانی نے لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم کی خدمات کو سراہا اور جنرل راشد محمود اور جنرل راحیل شریف کو مبارکباد دی۔


خبر کا کوڈ: 325515

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/325515/وزیراعظم-نواز-شریف-سے-آرمی-چیف-جنرل-کیانی-کی-الوداعی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org