QR CodeQR Code

علمائے کرام نے ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا، علامہ سبطین حسینی

29 Nov 2013 16:51

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے آرگنائزر کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے اتحاد بین المسلمین کو مزید فروغ دینا ہوگا، تحریک انصاف کی مخلوط صوبائی حکومت نے اب تک عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین حسینی نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیکر ہی ہم وطن عزیز کو مسائل و مشکلات کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا تاہم امریکہ نواز حکمرانوں نے اس کو امریکہ کالونی بنا دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی استکباری قوتوں اور ان کی مقامی ایجنٹوں کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وطن عزیز میں مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جائے اور سانحہ راولپنڈی بھی اس سلسلے کی کڑی محسوس ہوتا ہے۔ تاہم تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے فرقہ واریت پھیلانے کی کوششوں کو بہت بہتر انداز میں ناکام بنا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے جس طرح سانحہ راولپنڈی کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال اور دشمن کی سازش کو اتحاد و وحدت سے ناکام بنایا، اسی طرح اتحاد کو مزید فروغ دیتے ہوئے وطن عزیز کو درپیش گونا گوں مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوام کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، تاہم افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تحریک انصاف کی مخلوط صوبائی حکومت نے اب تک عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے، جب تک دہشتگردی کیخلاف ٹھوس موقف نہیں اپنایا اس سلسلے کو روکنا ناممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 325792

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/325792/علمائے-کرام-نے-ملک-میں-فرقہ-واریت-پھیلانے-کی-کوششوں-کو-ناکام-بنا-دیا-علامہ-سبطین-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org