0
Friday 29 Nov 2013 17:23
دنیا کیلئے سب سے بڑا خطرہ اسرائیل ہے

جہاں صیہونی نمائندہ موجود ہوگا، ہماری مذاکراتی ٹیم اس کمرے میں بھی داخل نہیں ہوگی، محمد جواد ظریف

جہاں صیہونی نمائندہ موجود ہوگا، ہماری مذاکراتی ٹیم اس کمرے میں بھی داخل نہیں ہوگی، محمد جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مراجع عظام کو جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ پیش کرنے اور انہیں اس عبوری معاہدے کے بارے میں اعتماد میں لینے کے لئے آج ایران کے مذہبی شہر قم المقدسہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں اس افواہ کے بارے میں کہ مذاکرات کے آئندہ دور میں صیہونی حکومت کا نمائندہ بھی موجود ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران کے اعتقاد کے مطابق صیہونی رژیم اس خطے اور بین الاقوامی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ہم پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ مذاکرات کے آئندہ دور میں اس جعلی حکومت کا کوئی نمائندہ موجود نہیں ہوگا۔ محمد جواد ظریف کا مزید کہنا تھا کہ جس کمرے میں صیہونی نمائندہ موجود ہوگا، ایرانی مذاکراتی ٹیم اس کمرے میں داخل بھی نہیں ہوگی۔

 ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں اسلامی جمہوری ایران پر دباو ڈالنے کی بجائے صیہونی رژیم کو ایٹمی اسلحہ ترک کرنے پر مجبور کریں، تاکہ اس خطے اور جہان کو خطرناک ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صیہونی رژیم کے پاس ایٹمی اور کیمیائی ہتھیار موجود ہیں، جبکہ یہ ہتھیار کسی بھی ملک کے دفاع کی ضمانت نہیں ہوسکتے بلکہ ان ہتھیاروں کی موجودگی سے پورے خطے کا امن خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے۔ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مذاکرات میں ہمیشہ مسکرایا نہیں جاسکتا۔ جنیوا سمجھوتے کے بارے میں اسلامی جمہوری ایران اور دیگر ممالک کے موقف کے تضاد کے بارے مِیں اظہار خیال کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ فشاری گروہ موجود ہیں، جن کی رضامندی حاصل کرنے کے لئے یہ ممالک ایسا کر رہے ہیں۔ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کے پاس اسلامی جمہوری ایران کا عوام کا اعتماد حاصل کرنے کا بہترین موقعہ ہے جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ملت ایران غرب کے رویے کے بارے میں بداعتماد ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قم مقدسہ میں مراجع تقلید سے ملاقات کی اور انہیں فائیو پلس ون گروپ کے ساتھ مذاکرات اور معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے آج قم میں آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی مسائل نیز فائیو پلس ون گروپ کے ساتھ ایران کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد جواد ظریف نے مراجع کرام کی حمایت اور ان کی رہنمائی کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا۔ آیت اللہ مکارم شیرازی نے اس ملاقات میں ایٹمی مذاکرات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے علاقے اور عالم اسلام میں شیعہ فوبیا سے مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ آیت اللہ صافی گلپائيگانی نے ایران کی مذاکرات کار ٹیم کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ ان مذاکرات سے مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل ہونگن۔ واضح رہے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ سیستانی کے نمائندے سید جواد شہرستانی سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور بالخصوص عراق کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
خبر کا کوڈ : 325825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش