0
Thursday 29 Jul 2010 18:51

برطانوی وزیراعظم کا بیان انتہائی مایوس کن ہے،واجد شمس الحق

برطانوی وزیراعظم کا بیان انتہائی مایوس کن ہے،واجد شمس الحق
لندن:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحق نے پاکستان کے بارے میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ریمارکس پر افسوس اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کا یہ بیان دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے ناقابل فراموش کردار کی نفی کرتا ہے،جو کہ پاکستان کیلئے نہایت مایوس کن ہے۔
برطانوی اخبار گاڈین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،تاہم اس کے باوجود برطانوی وزیر اعظم کی طرف سے دانستہ طور پر نہ صرف حقائق سے چشم پوشی کی گئی،بلکہ پاکستان کو تنہا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔جیسے کسی طور بھی صحتمندانہ طرز عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔
واجد شمس الحق نے واضح کیا کہ افغانستان میں استحکام اور اتحادی افواج کے پرامن انخلاء کیلئے نہ صرف یہ ضروری ہے کہ سیاسی عمل کو وہاں کے عوام پر چھوڑ دیا جائے،بلکہ 20 جولائی کو ہونے والی کابل کانفرنس کی تجاویز اور وعدوں پر عملدرآمد بھی ضروری ہے،جو افغانستان کے ہمسایہ ممالک نے کئے۔انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ برطانوی وزیر اعظم نائن الیون کے بعد دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان،اس کے عوام اور پاک فوج کی طرف سے دی جانے والی بے پناہ قربانیوں اور ناقابل فرامواش کردار کو سراہتے اور اس کی قدر کی جاتی،مگر ہوا اس کے برعکس جس پر پوری پاکستانی قوم کو سخت مایوسی ہوئی۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھارت کے شہر بنگلور میں تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے اور اسے پوری دنیا میں پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔

خبر کا کوڈ : 32591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش