0
Sunday 1 Dec 2013 17:26

مغوی ڈاکٹر مناف ترین رہا

مغوی ڈاکٹر مناف ترین رہا
اسلام ٹائمز۔ ڈھائی ماہ قبل اغواء ہونے والے ماہر امراض قلب ڈاکٹر مناف ترین بلوچستان کے علاقے اوتھل سے بازیاب ہوگئے۔ ڈاکٹر مناف کو 17 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ میں واقع ان کے ہسپتال سے اغواء کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اغواء کاروں نے اتوار علی الصبح ڈاکٹر ترین کو لسبیلہ کے علاقے اوتھل سے 60 کلو میٹر دور بیلہ میں ویل پٹ کے مقام پر چھوڑ دیا۔ ڈاکٹر ترین نے پیدل جا کر قریبی پولیس تھانے کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے انہیں اپنی حفاظتی تحویل میں لے کر اوتھل پہنچا دیا۔ ڈی پی او لسبیلہ احمد نواز چیمہ نے بتایا کہ ڈاکٹر ترین کو اوتھل سے پولیس کی حفاظت میں کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، اغواء کے وقت مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ڈاکٹر ترین کو زخمی کردیا تھا اور دوران قید علاج نہ ہونے پر ان کا زخم خراب ہو گیا تھا۔ کراچی منتقلی کے بعد ان کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے گا اور اس کے بعد انہیں کوئٹہ کے لئے روانہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اغواء کاروں نے ڈاکٹر ترین کی بازیابی کے لئے ان کے خاندان سے پانچ کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی بازیابی کیلئے تاوان ادا کیا گیا ہے یا نہیں۔ ڈاکٹر ترین کے اغواء کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت دیگر ڈاکٹر تنظیمیں کافی عرصے سے احتجاج جاری رکھے ہوئے تھیں۔ 2 ماہ سے زائد عرصہ تک جزوی ہڑتال اور مظاہروں کے بعد گزشتہ پندرہ دنوں سے بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز کا مکمل بائیکاٹ کیا جارہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 326426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش