0
Sunday 1 Dec 2013 20:11

اساتذہ پر تشدد ہوا ہے تو میڈیکل رپورٹ سامنے لائی جائے،اسلامی جمعیت

اساتذہ پر تشدد ہوا ہے تو میڈیکل رپورٹ سامنے لائی جائے،اسلامی جمعیت
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم عبدالمقیت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کے حقوق کیلئے چلنے والی تحریک کا رخ موڑنے کیلئے وائس چانسلر نے ڈھونگ رچایا ہے، یونیورسٹی میں طلبا و طالبات نے اپنے مسائل کے حل کیلئے مہم چلا رکھی تھی جس پروائس چانسلر نے مسائل حل کرنے کی بجائے یونیورسٹی میں طلبا کے خلاف ایک نیا محاذ کھول دیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ مطالبہ کرتی ہے کہ جن اساتذہ پر تشدد ہوا ہے ان کی میڈیکل رپورٹ میڈیا کو پیش کی جائے، تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیااور اس کے علاوہ سی سی ٹی وی سے ملنے والی ویڈیو جعلی ہے جس میں کسی بھی طرح تشدد کا الزام ثابت نہیں ہوتا۔ الیکٹرانک میڈیا نے یہ ویڈیو بغیر تصدیق کے چلائی ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم عبدالمقیت نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم اور پنجاب حکومت اس معاملے کی تحقیق کرانے کی بجائے اسلامی جمعیت طلبہ کی عداوت پر اتر آئے ہیں، پنجاب یونیورسٹی کے طلبا پچھلے دس دنوں سے وزیر تعلیم سے ملاقات کیلئے کوشش کر رہے تھے مگر انھوں نے انکار کر دیا۔ طلبا کا وفد اپنے مسائل کیلئے وزیر تعلیم سے ملاقات کرنا چاہتا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور جمعیت کیخلاف درج کیے جانے والے کیسیز واپس لیے جائیں اور جمعیت کے بے گناہ کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کے ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کیا جائے، اسلامی جمعیت طلبہ اساتذہ کا احترام کرتی ہے اور طلبا کی نمائندہ تنظیم ہے، لہٰذا اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف پراپیگنڈہ بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کے صبر کا امتحان لیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب طلبا کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے۔
خبر کا کوڈ : 326474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش