QR CodeQR Code

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات، نادرا نے ووٹر لسٹیں الیکشن کمیشن کے سپرد کردیں

2 Dec 2013 18:52

اسلام ٹائمز: الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 7 دسمبر کو انتخابات میں بلوچستان بھر سے 32 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ دوسری جانب صوبے بھر میں الیکشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نادرا نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹرز لسٹیں تیار کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کے حوالے کردیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 7 دسمبر کو انتخابات میں بلوچستان بھر سے 32 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹر لسٹیں اسلام آباد میں تیاری کے بعد الیکشن کمیشن کے حوالے کردی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان کی ووٹر لسٹیں آج سی 130 طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچائی جائیں گی۔ دوسری جانب بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن قریب آتے ہی انتخابی گہما گہمی میں اضافہ ہو گیا، کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں رنگ برنگے انتخابی پوسٹروں کی بہار آگئی ہے۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں ایک ہفتہ رہ گیا ہے۔ امیدواروں نے ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے انتخابی پوسٹروں کا سہارا لینا شروع کردیا ہے۔  کوئٹہ کے پرنٹنگ پریسوں میں 24 گھنٹے پوسٹروں کی چھپائی کا کام جاری ہے۔ پرنٹنگ پریس مالکان کا کہنا ہے کہ ایک امیدوار کو پوسٹروں کی چھپائی پر اوسطاً دس سے پندرہ ہزار روپے کے اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔ اسلئے امیدوار جہاں پوسٹروں پر اپنے تعارف اور انتخابی نشان کے ساتھ پارٹی سربراہ اور پارٹی پرچم کو جگہ دے رہے ہیں، وہاں بعض امیدواروں کی جانب سے ان پوسٹروں کے ذریعے عوام سے مختلف وعدے بھی کئے جا رہے ہیں، تاہم لوگوں کو کچھ زیادہ امیدیں نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 326730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/326730/بلوچستان-میں-بلدیاتی-انتخابات-نادرا-نے-ووٹر-لسٹیں-الیکشن-کمیشن-کے-سپرد-کردیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org