QR CodeQR Code

جمعیت نے اسلحہ کے زور پر پنجاب یونیورسٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اہل سنت علما

2 Dec 2013 18:58

اسلام ٹائمز:اہل سنت رہنماؤں نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور غنڈہ گردی کے واقعات سے اسلام کے نام نہاد علمبرداروں کا حقیقی چہرہ سامنے آ گیا ہے، پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ اسلامی جمعیت طلباء کی لاقانونیت کا سخت نوٹس لے اور ذمہ دار افراد کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، نظامِ مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیّب، انجمن اساتذۂ پاکستان کے مرکزی صدر پیر محمد اطہر القادری، انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی صدر اسد خان جدون، تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ علامہ محمد شریف رضوی، مصطفائی تحریک کے امیر میاں فاروق مصطفائی، پاکستان فلاح پارٹی کے صدر قاضی عتیق الرحمن اور اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر مفتی محمد کریم خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں کی طرف سے بس کو آگ لگانے اور بسوں کے ڈرائیوروں سے چابیاں چھیننے کے پرتشدد واقعات قابل مذمت ہیں۔

اہل سنت رہنماؤں نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور غنڈہ گردی کے واقعات سے اسلام کے نام نہاد علمبرداروں کا حقیقی چہرہ سامنے آ گیا ہے، پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ اسلامی جمعیت طلباء کی لاقانونیت کا سخت نوٹس لے اور ذمہ دار افراد کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ اسلامی جمعیت طلباء نے اسلحہ کے زور پر پنجاب یونیورسٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ یونیورسٹی کو غنڈہ عناصر سے پاک کرنا ضروری ہے تاکہ طلباء و طالبات امن و سکون سے تعلیم حاصل کر سکیں اور اساتذہ کو تحفظ حاصل ہو سکے۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب یونیورسٹی میں آپریشن کرے اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو خوف کی فضا سے نکالا جائے، اسلام کا نام لینے والوں کو اساتذہ پر تشدد اور بسوں کو آگ لگانا زیب نہیں دیتا، پنجاب یونیورسٹی میں قیام امن کے لیے مستقل پولیس چوکیاں تعمیر کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 326732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/326732/جمعیت-نے-اسلحہ-کے-زور-پر-پنجاب-یونیورسٹی-کو-یرغمال-بنایا-ہوا-ہے-اہل-سنت-علما

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org