0
Tuesday 3 Dec 2013 19:37

علامہ دیدار علی جلبانی ایک نڈر، دیانتدار اور شجاع عالم دین تھے، علامہ ناصر عباس جعفری

علامہ دیدار علی جلبانی ایک نڈر، دیانتدار اور شجاع عالم دین تھے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ دیدار علی جلبانی اور انکے محافظ کی شہادت پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ اور بدھ کو ملک گیر پرامن یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ دیدار جلبانی اور انکے محافظ کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اس دہشتگردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ دیدار علی جلبانی ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے، وہ ایک نڈر، دیانت دار اور شجاع عالم دین، اتحاد بین المسلمین کے داعی اور انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے تھے۔ انکا المناک قتل پاکستان کے ہر پرامن شہری کا ذاتی نقصان ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پھر ایم ڈبلیو ایم راست اقدام کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اور بالخصوص کراچی شیعہ مسلمانوں کی مقتل گاہ بن چکا ہے، لیکن ہم پوری پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو کر مقاومت کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل میں وہی خبیث عناصر ملوث ہیں جنہوں نے راولپنڈی میں سانحہ عاشورا کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی منظم سازش کی اور اس وقت سے اب تک وہ ملک بھر میں کئی پرامن قانون پسند شیعہ مسلمانوں کو شہید کرچکے ہیں اور کئی مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کر چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک گیر سوگ اور یوم احتجاج مکمل پرامن ہوگا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سب اس سوگ اور احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ یاد رہے کہ علامہ دیدار علی جلبانی مسجد حسینی کے امام جمعہ تھے اور انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو چھبیس سے الیکشن میں حصہ لیا تھا، شہید جامع مسجد الحسینی ایوب گوٹھ کے خطیب تھے، شہید کا آبائی گھر نواب شاہ سندھ میں تھا اور شہید کے سوگواران میں 2 بچے اور اُنکی اہلیہ شامل ہیں۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان نے کہا کہ یوم سوگ کے دوران ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔

علامہ دیدار جلبانی کی المناک شہادت پر علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ مختار امامی، علامہ صادق رضا تقوی، عبداللہ مطہری، حسن ہاشمی، اصغر عباس زیدی، ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد صدیقی، علامہ شوکت مغل، عوامی مسلم لیگ کے رہنماء محفوظ یار خان، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، شبر رضا، شیعہ ایکشن کمیٹی کے علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی تنظیم عزاء کے صدر سلمان مجتبٰی، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی، امامیہ اسٹوڈنٹس کراچی کے جنرل سیکرٹری غیور حسین سمیت دیگر سیاسی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے علامہ دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 327062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش