0
Tuesday 3 Dec 2013 21:23

ملک بچانے کیلئے نظریہ پاکستان کی جانب رجوع کرنا ہو گا، عمران

ملک بچانے کیلئے نظریہ پاکستان کی جانب رجوع کرنا ہو گا، عمران
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ملک کو بچانے کیلئے نظریہ پاکستان کی جانب رجوع کرنا ہوگا اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قوم بن کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا اپنے تشخص کا احساس کرتے ہوئے قرضوں پر انحصار کم کرنا ہوگا اور قومی حمیت کے پیش نظر ترجیحات از سر نو مرتب کرنا ہوں گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا وزیراعظم کی ذمہ داری تھی وہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکی حکام کو ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کے عوام اور قومی قیادت کے مشترکہ موقف سے آگاہ کرتے اور ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کرتے تاہم وہ اس میں ناکام رہے اور امریکی صدر سے کوئی بھی یقین دہانی حاصل نہ کر سکے ۔ان کا کہنا تھا تحریک انصاف نے عوام سے کئے وعدوں پر کاربند رہتے ہوئے خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے بتایا نیٹو سپلائی کی بندش کے بعد مزید موثر انداز میں اپنا موقف دنیا خصوصاً یورپی ممالک پر واضح کرنے کے لئے وہ یورپی یونین کے سفیروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کیا جس کی وجہ سے ملک کی کمزور معیشت ماہانہ تقریباً 90ارب روپے کے خطیر اخراجات کا بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہے۔ چنانچہ اس ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتے اور بد ترین امریکی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا جب تک امریکی جارحیت کا تدارک یقینی نہیں بنایا جاتا خیبر پی کے سے نیٹو رسد کی ترسیل کی اجازت نہیں دیں گے۔

انٹرویو کے دوران عمران خان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو بھی زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا بدترین حکومتی بدعنوانی اور ظالمانہ اقتصادی حکمت عملی نے ملک میں ترقی کی شرح کو تباہی سے دوچار کیا ہے اور قرضوں کے حجم میں اضافے کو فروغ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ملک سے تعلیم یافتہ نوجوان بہتر روزگار اور اچھے معیار زندگی کے حصول کی خاطر دنیا کے دیگر ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں تو غریب اور مزدور طبقے کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول خواب بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی متوسط طبقہ خاص طور پر حکومت کی معاشی دہشت گردی کی زد میں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا غریب کش حکومتی حکمت عملی کے ثمرات محض ملکی دولت لوٹنے اور بیرون ملک منتقل کرنے والے عناصر تک ہی پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور ملک کو قرضوں کے جال اور دہشت گردی کی بدترین لہر سے بچانے کیلئے امریکی جنگ سے لاتعلقی، ڈرون حملوں کے تدارک اور محصولات کے نظام کی اصلاح جیسے فوری اقدامات اٹھائے۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا وفاقی حکومت ملک اور قوم کو ذلیل کر رہی ہے نواز شریف کے ساتھ بھی امریکہ کے دورے میں یہی سلوک ہوا جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوں گے اس وقت تک طالبان سے مذاکرات ممکن نہیں ہو سکتے، خیبر پی کے میں اکثریت نہ رہی تو اسمبلی توڑنے میں ایک منٹ نہیں لگائیں گے دوبارہ انتخابات کرا کر کلین سویپ کریں گے۔ ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کے طعنے ملے لیکن ملک اور قوم کے مفاد میں حکومت کو سپورٹ کرتے رہے لیکن حکومت نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا حکومت کیلئے سب کچھ صرف کرسی بن چکی ہے انہیں ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر ڈرون حملے بھی نظر نہیں آتے، حکومت نے ڈرون حملوں پر دوغلی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے پاکستان کو کچھ اور امریکیوں کو کچھ اور کہا جاتا ہے یہ دوغلی سیاست ختم ہونی چاہئے.
خبر کا کوڈ : 327102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش