0
Thursday 5 Dec 2013 22:33

یوم حسین (ع) ہر حال میں منائیں گے، آئی ایس او پشاور

یوم حسین (ع) ہر حال میں منائیں گے، آئی ایس او پشاور
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور نے جامعہ پشاور کی انتظامیہ کی جانب سے ’’یوم حسین (ع)‘‘ مناسب جگہ پر منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ہم ہر حال میں ’’یوم حسین (ع) منائیں گے، تاہم اگر کوئی سیکورٹی کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس کی ذمہ دار یونیورسٹی انتظامیہ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او کے ڈویژنل نائب صدر محمد بلال نے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آئی ایس او کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری جنرل توحید علوی اور سید محمد بھی موجود تھے۔ محمد بلال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دیگر یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کی طرح پشاور یونیورسٹی میں بھی "یومِ حسین (ع)" کا انعقاد پچھلے 60 سالوں سے پشاور یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون سے کیا جاتا رہا ہے۔ جس کا مقصد وحدت اور اتفاق و اتحاد پیدا کر کے امت مسلمہ کے اصل دشمن اور وقتِ یزید کی پہچان اور تعلیم کے ذریعے اسکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ ’’یوم حسین (ع)‘‘ میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، پروفیسرز حضرات، ہر عقیدہ کے طلباء اور مختلف تنظیموں کے کارکنان شرکت کرتے ہیں۔ لیکن اس سال بغیر کسی وجہ کے ملک کے حالات خراب ہونے کے بہانے ’’یومِ حسین (ع)‘‘ کے منعقد کرنے کیلئے نہ صرف مناسب جگہ یا ہال فراہم نہیں کیا گیا بلکہ اس کے منانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ’’یومِ حسین (ع)‘‘ کا انعقاد ہمارا مذہبی اور آئینی حق ہے اور دینِ اسلام کا ایک حصہ ہے لیکن اس کو صرف ایک اسٹوڈنٹ یا تنظیمی سرگرمی سمجھ کر اجازت نہ دینے کی وجہ ہمارے عقیدت مند طلباء کے جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ’’یومِ حسین (ع)‘‘ کے انعقاد میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کیونکہ ہر ممکن کوشش کے باوجود ہمیں مناسب ہال اور انتظامات فراہم نہیں کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لئے ہم اس مذہبی پروگرام کو کسی مسجد یا مناسب اوپن جگہ میں منعقد کریں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں اس کا ذمہ دار پشاور یونیورسٹی انتظامیہ ہوگی کیونکہ مناسب جگہ نہ دینے اور انتظامات نہ کرنے کی وجہ سے یہ غیر محفوظ ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہنگو، کوہاٹ، راولپنڈی اور دیگر علاقوں کی طرح یہ بھی عزاداری سیداء لشہداء حضرت امام حسین (ع) کو محدود کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے آپ کے تعاون سے اربابِ اختیار کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ چونکہ ہر ممکن کوشش کے باوجود ہمیں مناسب ہال اور انتظامات فراہم نہیں کئے گئے۔ اس لئے ہم یومِ حسین (ع) جیسے پرگرامات مسجد یا اوپن جگہوں میں منعقد کریں گے اور اس کے انعقاد میں کسی قسم کی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ذمہ داری پشاور یونیورسٹی انتظامیہ پر ہو گی۔ یومِ حسین (ع) جیسے پروگرامات کو صرف اسٹوڈنٹ یا تنظیمی سرگرمی تصورکرنے کی بجائے طلباء کا مذھبی اور آئینی حق سمجھ کر ہر سال مناسب جگہ کا انتخاب اور انتظامات کئے جایئں تاکہ یومِ حسین (ع) کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اچھے انداز میں جاری رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِاعظم، کراچی، یو ای ٹی ٹیکسلا اور دیگر یونیورسٹیوں کی طرح ہمیں بھی یومِ حسین (ع) جیسے پروگرامات کیلئے اپنا ایک "مسجد اینڈ ہال" دیا جائے تاکہ ہم اس میں اپنے مذہبی پروگرامات بغیر کسی مشکل اور رکاوٹ مناسب اور اچھے انداز میں منا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 327793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش