0
Friday 6 Dec 2013 17:59

توہین رسالت کی سزا عمرقید ختم کر کے موت کی جائے،سنی تحریک کے 150 مفتیوں کا مطالبہ

توہین رسالت کی سزا عمرقید ختم کر کے موت کی جائے،سنی تحریک کے 150 مفتیوں کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پرسنی تحریک علماء بورڈ نے توہین رسالت (ص) کیلئے عمرقیدکی سزا کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پاکستان سنی تحریک علماء بورڈکے 150 علماء ومفتیان کرام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ توہین رسالت(ص) کی سزا صرف موت ہے، عمرقید کی سزا شریعت کے منافی ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے توہین رسالت(ص) کیلئے عمرقید کی سزا کو ختم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، حکومت وفاقی شرعی عدالت کے حکم کے مطابق تعزیرات پاکستان میں ترمیم کے ذریعے عمر قید کی سزا کو حذف کرے۔ 295C میں سزائے موت کے ساتھ عمر قید کی سزا کا اضافہ گستاخ رسول کو تحفظ دینے کے مترادف ہے، قرآن وحدیث نے گستاخ رسول کیلئے صرف اور صرف سزائے موت مقرر کی ہے، لہذٰا تعزیرات پاکستان کی دفعہ295C میں ترمیم کر کے شان رسالت(ص) اور تمام انبیاء کرام(ع) کی گستاخی کیلئے واحد سزا ’’موت‘‘ مقرر کی جائے اور قرآن و سنت کے مطابق بنائے گئے قونین پر مکمل طور پر عملدرآمد کروایا جائے۔

درایں اثناء سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 23 سال تک اس حساس مسئلہ کو لٹکانا نہایت تشویش ناک ہے، وفاقی شرعی عدالت کے حکم کے باوجود 90 ء سے لے کر اب تک یہ الفاظ حذف نہ کرنے کی وجہ بیان کی جائے، اسلامی قوانین پر بیرونی ڈکٹیشن قطعاََ قبول نہیں کریں گے، حکومت مغربی قوتوں کی خوشنودی کیلئے اسلامی قوانین کا مذاق اڑانے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے، یہاں اسلامی قوانین پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے زیراہتمام تمام مکاتب فکر کی مشترکہ فتویٰ کونسل تشکیل دی جائے اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کو مؤثر بنانے کیلئے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، مذہبی ضابطہ اخلاق کیلئے تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علماء اور تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے، مذہبی رہنما دہشت گردی اور فرقہ واریت کی آگ کو بجھانے کیلئے میدان عمل میں آئیں۔
خبر کا کوڈ : 328029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش