0
Monday 9 Dec 2013 20:14

پاک بھارت سرحد پر مشترکہ ایٹمی پاور پلانٹ لگنے سے اعتماد کی فضا پیدا ہوگی، عمران خان

پاک بھارت سرحد پر مشترکہ ایٹمی پاور پلانٹ لگنے سے اعتماد کی فضا پیدا ہوگی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کسی ملک کے خلاف نہیں، ہم اینٹی امریکہ نہیں بلکہ ہم امریکہ کی ڈرون اور دہشتگردی کے خلاف جنگ اور بھارت کی کشمیر پالیسی کے خلاف ہیں جسکے تحت اس نے 7 لاکھ فوج کشمیر میں داخل کر رکھی ہے، ہم دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو آگے بڑھنے کیلئے ایک دوسرے سے سچ بولنا ہوگا اور جنگیں لڑنے کی بجائے غربت کے خلاف لڑنا ہو گا‘ پاک بھارت سرحد پر مشترکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ لگنا چاہئے، اس سے دونوں ممالک میں اعتماد کی فضا پیدا ہو گی۔ 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جس میں قوم کو ایجنڈا دیں گے‘ 4 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے دوبارہ گنتی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے، بلدیاتی انتخابات سے قبل وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کا اعلان پری پول رگنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دہلی میں منعقدہ انٹر نیشنل کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے تو کشمیر کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ملاقاتوں کے دوران وہاں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ان کے ممبئی حملوں کے حوالے سے بھی تحفظات ہیں جبکہ ہم نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کے بھی بھارت کے بارے میںاسی طرح کے خدشات ہیں اور ہم نے انہیں پاکستانی حکومت کی طرف سے ان خدشات کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور طالبان کوسپورٹ سے آگاہ کیا۔ دونوں کو اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ہوگا۔ اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور یورپی ممالک کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو پاک بھارت سرحد پر مشترکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تجویز دی ہے جس میں آدھی فورس پاکستان اور آدھی بھارت سے ہونی چاہئے۔ اس سے بھی دونوں ممالک میں اعتماد کی فضا پیدا ہو گی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں تحریک انصاف اور عمران خان کو نقل کیا جا رہا ہے۔ بھارت میں عام آدمی کے نام سے سیاسی جماعت وجود میں آئی ہے جس نے نئی دہلی میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہو ل گاندھی نے ملاقات میں کہا ہے کہ بھارت میں جس طرح کی مرضی لیڈرشپ ہوتی کوئی بھی ڈرون حملوں کو برداشت نہ کرتا اور پتہ نہیں پاکستان میں کس طرح انہیں برداشت کیا جا رہا ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کی نوجوان قیادت نے پاکستانیوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں بھارتی سرزمین پر ڈرون حملوں کو برداشت نہ کرتے۔ دریں اثناء ڈرون حملوں کیخلاف نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کا احتجاجی دھرنا گذشتہ روز بھی پشاور میں جاری رہا۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومی جمہوری پارٹی کے کارکنوں نے حیات آباد ٹول پلازہ پر نیٹو سپلائی کے 3 کنٹینرز روک لئے اور انہیں واپس بھیج دیا۔ حیات آباد ٹول پلازہ دھرنا کیمپ میں کارکنان کی ڈیوٹی کیلئے ایک مہینے کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف خیبر پی کے کے صدر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا اور ڈرون حملے رکنے تک نیٹو سپلائی کے راستے پر احتجاجی دھرنے کا سلسلہ جاری رہیگا۔ جماعت اسلامی نے بھی احتجاج جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔ اے پی اے کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امریکہ نے نیٹو سپلائی طورخم بارڈر پر ازخود بند کر دی یہ تحریک انصاف کی فتح ہے۔ عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 328973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش