0
Monday 9 Dec 2013 23:07

ملک میں قتل و غارت کا پیدا ہونیوالا ماحول مفید نہیں، طاہر اشرفی

ملک میں قتل و غارت کا پیدا ہونیوالا ماحول مفید نہیں، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم تعلیم القرآن راولپنڈی کے مہتمم مولانا اشرف علی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے دارالعلوم تعلیم القرآن راولپنڈی کو کسی بھی دوسری جگہ منتقل کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک دارالعلوم تعلیم القرآن کی تعمیر اسی حالت میں نہیں ہوجاتی، اس وقت تک راجہ بازار کی مین سڑک پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ راولپنڈی کے مقدمہ میں اب تک گرفتار شدہ ملزمان کو بے نقاب کرکے قوم کو بتایا جائے کہ ان گرفتار ملزمان کا تعلق کن دہشتگرد گروہوں کیساتھ ہے، سانحہ راولپنڈی میں تعلیم القرآن اور تاجروں کا نقصان جلد از جلد پورا کیا جائے اس میں تاخیر نہ کی جائے۔ یہ مطالبہ انھوں نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر حافظ صدیق، مولانا لطیف الرحمان، مولانا خلیل الرحمان حقانی، مولانا عبدالقیوم، مولانا مشتاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی دہشت گردی ہے، وزیراعلٰی نے اس سانحہ کے بعد جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل میں حکومتی ذمہ داران رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، دارالعلوم تعلیم القرآن کو کسی بھی صورت دوسری جگہ منتقل کرنا انھیں قبول نہیں، اگر قانون کی ملک میں بالادستی کو یقینی بنا لیا جائے تو ملک میں امن عامہ کا قیام ممکن ہے، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ مولانا اشرف علی نے کہا کہ ملک نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی یکجہتی، مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے تمام مکاتب فکر کے درمیان نفرتیں کم ہوں۔ دونوں رہنماؤں نے مولانا شمس معاویہ کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ کراچی سے راولپنڈی تک قتل و غارت کا جو ماحول پیدا کیا جا رہا ہے وہ ملک و قوم کے لیے مفید نہیں۔
خبر کا کوڈ : 329007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش