0
Wednesday 11 Dec 2013 09:58

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام پٹرولیم مصنوعات کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام پٹرولیم مصنوعات کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیر اہتمام کلمہ چوک پر ''پٹرولیم مصنوعات کی بندش'' کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کے شرکاء نے بینرز، پلے کارڈ اور جھنڈے اُٹھا رکھے تھے جن پر پٹرول بندش اور حکوت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومتی نا اہلی کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر میاں آصف اخوانی، قیم ضلع ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، شیخ منظور الٰہی، حافظ فیاض، کلیم اکبر صدیقی، چوہدری ظفر اقبال، چوہدری امین، راناطارق نعیم، حافظ ذیشان شبیر و دیگر نے کی۔ جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بندش سے ہر شخص پریشان حال ہے۔ لوگوں کا نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو گیا ہے۔ عوام شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہیں۔ بجلی اور گیس کی بندش کے بعد حکمرانوں نے پٹرول بند کر دیا ہے۔ جھولیاں بھر کر ووٹ دینے والے اب جھولیاں بھر کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔ حکومت کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام مہنگائی سے مر رہی ہے اور حکومت امریکہ سے پینگیں بڑھانے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئے دن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ مزید پٹرولیم مصنوعات پر بلا جواز ٹیکس لگا کر عوام کا امتحان لیا جا رہا ہے۔ عوام تین گنا زائدقیمت پر پٹرول خریدنے پر مجبور ہے۔ عوام کو سکول، کالجوں اور دفاتر جانے کیلئے مشکلات درپیش ہیں۔ سڑکیں جام ہو چکی ہیں۔ شیر نے عوام کی بوٹیاں نوچنے کے بعد پٹرول بھی پی لیا ہے۔ عوام سے ہمدردی کرنے والا کوئی نہیں۔ حکومت خدارا عوام پر رحم کرے۔ ن لیگ اگر حکومت نہیں چلا سکتی تو مستعفی ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے عام انتخابات میں عوام کو ایک معتدل اور اسلامی نظام کا منشور دیا تھا لیکن عوام نے جن لوگوں کو منتخب کیا وہی ان کی جان لینے کے در پہ ہیں۔ پاکستان کی فلاح اور خیر اسلامی نظام میں ہے۔ اسلامی نظام سے ہی عوام کو سستے داموں اشیاء ضروریہ ملیں گی اور بہترمعیار زندگی بھی۔
خبر کا کوڈ : 329476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش