0
Wednesday 11 Dec 2013 22:42

صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی جانب سے اتحادِ اہلسنت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، علماء اہلسنت

صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی جانب سے اتحادِ اہلسنت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، علماء اہلسنت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بھر کے علماء و مشائخ اہلسنت نے ملی یکجہتی کونسل کے صدر و جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی جانب سے اتحادِ اہلسنت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علماء پاکستان اکابرین اہلسنت کی جماعت ہے، اس جماعت کو چند افراد کی من مانی اور ذاتی فیصلے ٹھونسنے کی کوششوں اور ہٹ دھرمی سے برباد نہیں ہونے دیںگے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی منور رضا قادری، مولانا سیف اللہ نقشبندی، قاری احمد رضوی، مولانا اشرف حسین قادری، مولانا محمد نعیم حسین، مولانا مکرم قادری، مولانا جمیل اکرم نورانی، مولانا سعید احمد نورانی، مولانا سید وقاص سعیدی، مولانا سید طفیل احمد نورانی، مولانا چوہدری رضائے الٰہی، قاری اقبال حسین، مفتی محمود علی قادری، مولانا سمیع الدین نوری، مولانا جاوید اقبال نورانی، مولانا شاہ احمد نقشبندی، قاری حسین احمد قادری و دیگر نے جامعہ غوثیہ نوریہ میں منعقدہ جے یو پی کے سینیئر اراکین، سابقین، عہدیداران اور اہلسنت کی اہم شخصیات اور علماء مشائخ نے ایک اجلاس میں کیا۔
 
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمعیت علماء پاکستان کی شیرازہ بندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان میں قائد اہلسنت کے وصال کے بعد چند افراد اصولی فیصلوں پر اثرانداز ہونے لگے اور من پسند افراد کو عہدیدار بنانے کا سلسلہ چل گیا، جس کا نتیجہ آج کی صورتحال کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر انتہائی باصلاحیت شخصیت اور صدارت کے عہدے کے لئے موزوں ترین شخصیت ہیں، جو آج تک اپنی متانت، بردباری اور دانشمندی کے باعث جماعت کو ٹوٹنے سے بچاتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان کے منشور اور دستور پر عمل ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی اور جمعیت کا شیرازہ بکھیرنے کا کسی کو موقع نہ ملتا۔ اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر جلد اس بحران پر قابو پالیں گے اور وسیع تر اتحادِ اہلسنت کی داغ بیل ڈالیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ ہمارا تمام قائدین اہلسنت سے مطالبہ اور درخواست ہے کہ قائد اہلسنت کے جانشین ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کے ہاتھ مضبوط کریں اور اہلسنت کی واحد نمائندہ جماعت جمعیت علماء پاکستان کا شیرازہ بکھرنے سے بچائیں۔
خبر کا کوڈ : 329767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش