0
Thursday 12 Dec 2013 00:18

شرپسندوں نے صوبائی دارالحکومت میں خوف و ہراس پھیلایا، کوئٹہ پولیس

شرپسندوں نے صوبائی دارالحکومت میں خوف و ہراس پھیلایا، کوئٹہ پولیس

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ پولیس کی ایک پریس ریلیز کے مطابق 11 دسمبر 2013ء بروز بدھ کی صبح کچھ شرپسندوں نے کوئٹہ شہر اور مارکیٹوں کو زبردستی بند کرانے اور تمام کاروبار زندگی کو معطل کرنے کی کوشش کی۔ کچھ شرپسندوں نے لیاقت بازار اور اسکے اردگرد پہلے پتھراؤ کرکے خوف و ہراس پھیلایا اور بعد میں دکانوں کو بند کرانا شروع کیا۔ دکانداروں نے بروقت پولیس کو اطلاع دی، جس پر کوئٹہ پولیس ہمراہ بی سی، اے ٹی ایف اور آر آر جی کی نفری نے بروقت متعلقہ مقامات پر پہنچ کر دکانوں کو لوٹنے سے بچایا اور بلوائیوں پر قابو پایا اور انہیں شہر اور مارکیٹوں سے بھگا دیا۔ شرپسند عناصر نے شہر کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی، جسکو پولیس اور ایف سی نے عوام کی مدد سے نہ صرف ناکام بنا دیا بلکہ شہر کے امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے حالات کو بروقت کنڑول کرلیا۔

شہر میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور تمام ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز اور ایس پیز صاحبان کو امن و امان قائم رکھنے کے لئے اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کوئٹہ کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عوام الناس کو اس طرح کے واقعات میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بدھ کو ہونے والے احتجاج سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس قسم کے شرپسند عناصر اُن کی مذہبی یا سیاسی جماعتوں کا حصہ نہیں ہیں اور واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس واقع میں دو موٹر سائیکل جلائے گئے جبکہ ایک شخص اندھی گولی لگنے سے ہلاک ہوا اور تین زخمی ہوئے۔ آج ہونے والے ان واقعات کی ایف آئی آر پولیس تھانہ سٹی میں درج کرلی گئی ہے۔ جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے پولیس اور ایف سی چھاپے مار رہی ہے۔

خبر کا کوڈ : 329787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش