0
Thursday 12 Dec 2013 18:06

امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی،سٹے بازوں کو کروڑوں روپے کا نقصان

امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی،سٹے بازوں کو کروڑوں روپے کا نقصان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرخزانہ کی بینکوں کو وارننگ دیے جانے کے نتیجے میں بدھ کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 80 پیسے کی مزید کمی سے 107.10 روپے ہوگئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ریٹ 42 پیسے گھٹ کر 107 روپے 34 پیسے ہو گئے۔ واضح رہے کہ امریکی ڈالر کی قدر 110.4 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی بلکہ 111 روپے میں بھی ڈالر نہیں مل رہا تھا تاہم چند دنوں میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے30 پیسے (2.98فیصد) تک گر چکی ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے میڈیا کو بتایا کہ وزارت خزانہ کی ہدایات کے مطابق تجارتی بینکوں نے اگر ڈالر سٹے بازی ختم کرتے ہوئے انٹربینک میں ڈالر کی قدرمیں بتدریج کمی کرتے رہے تو اس کے مثبت اثرات اوپن کرنسی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا امریکی ڈالر کی قیمت 98 روپے کی سطح تک لانے کا وعدہ پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایکس چینج کمپنیوں نے انٹربینک ریٹ میں یومیہ 20 تا 25 پیسے کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈالر کی قدر میں مستقل کمی کی حکمت عملی وضع کر لی ہے۔ وزارت خزانہ کے سخت اقدامات سے ان سٹے بازوں اور برآمدکنندگان کی امیدوں پر پانی پھرگیا ہے جو ڈالر کی قدر کو 115 روپے تک پہنچانے کے خواب دیکھ رہے تھے اور اپنی برآمدی آمدنی کی ملک میں ترسیل کا عمل روکے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رحجان غالب ہونے سے گزشتہ دو دنوں کے دوران ڈالر میں سٹے بازی کرنے والوں کو کروڑوں روپے مالیت کے نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے اور وہ اپنے نقصانات کی مالیت کو کم سے کم رکھنے کے لیے اوپن مارکیٹ میں تیز رفتاری کے ساتھ امریکی ڈالر فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو بھی امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہو گی، امکان ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید گھٹ کر 106.75 روپے کی سطح پر آ جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 329934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش