QR CodeQR Code

31 دسمبر تک مینوئل اسلحہ لائسنس منسوخ، اسلحہ ضبط کرلیا جائیگا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ

13 Dec 2013 19:14

اسلام ٹائمز: سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صرف وہی مینوئل لائسنس کمپیوٹرائزڈ کئے جائیںگے جو سندھ حکومت کے جاری کردہ ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ 31 دسمبر 2013ء تک کمپیوٹرائزیشن کیلئے نہ آنے والے مینوئل اسلحہ لائسنس منسوخ اور ان پر جاری اسلحہ ضبط کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں مینوئل اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سندھ کے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، نادرا کے نمائندے، سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے چیف احمد چنائے اور محکمہ داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ سید ممتاز علی شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے نادرا کے 4 کاﺅنٹرز کی موجودگی کی سہولت کے ساتھ ساتھ فارمز کی وافر تعداد میں موجودگی اور بلا معاوضہ دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے ایک ہزار روپے فیس مقرر ہے، اس کے علاوہ رقم کی طلبی کے مطالبہ کی شکایت پر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس تمام عمل کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز خود کریں۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوگوں کی سہولت کیلئے نادرا کاﺅنٹرز پر کام کے اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کرکے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کے بجائے صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کر دیئے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مینوئل اسلحہ لائسنس کی پولیس ویریفیکیشن کیلئے ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ ایس ایس پی کے ساتھ ملکر آسان حکمت عملی وضع کریں تاکہ تصدیقی عمل کو تیز کیا جا سکے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ نے افسران کو ہدایت کی کہ اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے آنے والوں کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صرف وہی مینوئل لائسنس کمپیوٹرائزڈ کئے جائیںگے جو سندھ حکومت کے جاری کردہ ہوں۔


خبر کا کوڈ: 330306

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/330306/31-دسمبر-تک-مینوئل-اسلحہ-لائسنس-منسوخ-ضبط-کرلیا-جائیگا-ایڈیشنل-چیف-سیکریٹری-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org