QR CodeQR Code

نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، چوہدری عبدالمجید

14 Dec 2013 11:35

اسلام ٹائمز: کوٹلی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد حکومت کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں دس ہزار سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ہزاروں خاندانوں کی مالی کفالت کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے کوٹلی کے پچاس رکنی وفد نے مشیر چوہدری محمد الیاس کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیا۔ آزادکشمیر میں لیڈر شپ کے ویژن کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور منشور کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ قیادت کے ایجنڈے کی تکمیل کریں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نعرے روٹی، کپڑا، اور مکان کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہداء گڑھی خدا بخش کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ آزادکشمیر میں دس ہزار سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ہزاروں خاندانوں کی مالی کفالت کی جا رہی ہے۔ ہر شخص کو چھت مہیا کی جا رہی ہے اور پیپلزپارٹی کے دور میں کوئی شخص بے گھر نہیں رہے گا۔ تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ سارے حلقے میرے ہیں۔ ماضی میں بعض علاقوں کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا ہم عوام کی ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ ہم نے ایسے تمام علاقوں میں تعمیروترقی کے ترجیح اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ ہم جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ اس سے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام بھی شہر جیسی سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔ صحت اور تعلیم کے جدید پیکجز دیں گے جس سے آزادخطہ معاشی خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف آزاد خطہ کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے خطہ کی تعمیروترقی کے حوالے سے ہماری ڈیمانڈ پر جو میگا پراجیکٹس کے اعلانات کئے ان سے ترقیاتی عمل میں تیزی آئے گی۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ ہم سیاست میں نئی روایات کو جنم دے رہے ہیں جس سے علاقائی و قبیلائی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔ مظفرآباد کو دنیا کا جدید ترین شہر بنائیں گے۔ وزیراعظم نے تارکین وطن سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلانے کے لیے اپنی کوششوں کو منظم اور متحد کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائیں۔ وزیراعظم نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے۔ 

وفد میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد الیاس چوہدری، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری عبدالمجید، نصیر راٹھور ایڈووکیٹ، سردار آفتاب انجم، مشتاق مہناس، راجہ حبیب، پیر فیصل معروف، راجہ اظہر، سردار صائم ایڈووکیٹ، محمد ساجد مغل، چوہدری بابر، الطاف بھٹی، معشوق بٹ، شکیل چوہدری، راجہ سکندر، سردار غفور اور دیگر پارٹی کارکنان شامل تھے۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم کو دورہ کوٹلی کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔


خبر کا کوڈ: 330464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/330464/نواز-شریف-آزاد-کشمیر-کی-تعمیروترقی-میں-گہری-دلچسپی-رکھتے-ہیں-چوہدری-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org