QR CodeQR Code

بھارت پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے، مزمل اقبال ہاشمی

15 Dec 2013 15:39

اسلام ٹائمز: ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ بھارتی تجارتی نمائش کے ردعمل میں اپنے بیان میں جماعة الدعوة کراچی کے امیر نے کہا کہ انڈیا ایکسپو کے انعقاد سے بھارت کے مکروہ چہرے کو چھپایا نہیں جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ انڈیا ایکسپو کے انعقاد سے بھارت کے مکروہ چہرے کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ تنازعات کے تصفیے اور حقوق کی فراہمی سے پہلے دوستی کا ہاتھ بڑھانا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ بھارت پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ پاکستان کو دولخت کرنے والے ملک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانا ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کیلئے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تجارتی نمائش کے ردعمل میں ایک بیان دیتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارت روز اول سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا۔ پاکستان کی شہہ رگ کشمیر پر گزشتہ 66 سال سے قابض ہے۔ 1971ء میں منظم منصوبہ بندی کے تحت مشرقی حصے کو کاٹ کر پاکستان کو دولخت کیا۔ اب ہمارے دریاﺅں پر ڈیم بناکر آبی دہشت گردی کا ارتکاب بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے منصوبے ترتیب دینے والے ملک کے ساتھ تجارت کیسے ہو سکتی ہے۔ مزمل ہاشمی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب 16 دسمبر کا وہ سیاہ دن قریب ہے جب بھارت نے مشرقی پاکستان پر حملہ کرکے وطن عزیز کو دو حصوں میں تقسیم کیا تھا، انڈیا ایکسپو میں بھارتی مصنوعات کی نمائش سے اس حقیقت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے تجارتی افادیت کے منکر نہیں لیکن تجارت سے پہلے انصاف کی فضا قائم کی جائے۔ بھارتی ظالمانہ رویہ کو نظر انداز کرکے تجارت کے فروغ کے لئے اقدامات غیر دانش مندانہ عمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 330826

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/330826/بھارت-پاکستان-میں-تخریبی-کارروائیوں-ملوث-ہے-مزمل-اقبال-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org