QR CodeQR Code

کشمیر میں بسنے والے انسان ہیں، تو ان کے حقوق کا بھی احترام کیا جائے، سہیل سرفراز

16 Dec 2013 10:01

اسلام ٹائمز: اولڈھم میں منعقدہ مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے زیراہتمام عظیم الشان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کشمیری حکومت کا اولین مقصد اپنے مقبوضہ علاقوں پر ناجائز قبضے کے خلاف دنیا میں ایک حکمت عملی کے تحت مربوط کوششیں کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آج 63 سال گزر گئے دنیا انسانی حقوق کا واویلا کر رہی ہے مگر کشمیر میں جاری ظلم و ستم، اندھیر نگری اور ناجائز قبضے کا ذکر ہو تو اقوام عالم اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ لیتی ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں دیکھ کر کیوں سب کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔ اگر کشمیر میں بسنے والے انسان ہیں تو ان کے انسانی حقوق کا بھی احترام کیا جانا چاہیے مگر افسوس ہم اتنے بے حس ہو چکے کہ جاگتی آنکھوں سے دوہرا معیار دیکھ کر بھی کسی میں جرات نہیں کہ وہ انسانی حقوق کے سلسلہ میں کشمیری عوام سے روا رکھے جانے والے اس سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک پر آواز اٹھائے۔ ہمارے نام نہاد کشمیری وزیراعظم کو لوٹ مار اور دھینگا مشتی سے فرصت ہو تو مسئلہ کشمیر یاد آئے۔ ان خیالات کا اظہار اولڈھم میں منعقدہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے زیراہتمام عظیم الشان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سہیل سرفراز ایڈووکیٹ نے کیا جبکہ اس کانفرنس کی صدارت راجہ عبدالرحمن پیر خوانی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نارتھ زون نے کی۔
 
 مہمان خصوصی سہیل سرفراز ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم گلیوں نالیوں اور لوگوں کے پلاٹوں پر قبضے اور اقتدار کے دوام کیلئے جوڑ توڑ کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں میں اس باپ کا فرزند ہوں جس نے اپنی ملازمت قربان کر دی مگر اپنے اصولی موقف پر قائم رہے۔ کشمیری حکومت کا اولین مقصد اپنے مقبوضہ علاقوں پر ناجائز قبضے کے خلاف دنیا میں ایک حکمت عملی کے تحت ایسی مربوط کوشش کرنا ہے کہ ساری دنیا ہمارے موقف کی حمایت پر مجبور ہو اور آج کے دن اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہو مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آدھا خطہ اغیار کے قبضے میں چلا گیا اور باقی جو بچا اس پر ان پڑھ اور جاہل مفاد پرست ٹولے کی حکومت قائم ہے جن کا مقصد کھاؤ پیو کے علاوہ کچھ نہیں۔
 
راجہ افضل خان امیدوار یورپین پارلیمنٹ نے کہا کہ آج ہم میں قیادت کا بحران ہے اسی لئے ہمارے موقف کی سچائی جانتے ہوئے بھی پذیرائی نہیں مل رہی ہم نہ کشمیر کو بھولے ہیں اور نہ ہماری نسلیں کسی کو کشمیر کی قیمت پر سودا بازی کرنے کی اجازت دیں گی۔ راجہ افضل خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی طاقت سے یورپین پارلیمنٹ میں پہنچنے کے بعد وہ ترجیحی بنیادوں پر اس دیرینہ مسئلے سمیت برطانیہ میں مسلمانوں کو درپیش دوسرے مسائل پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروائیں گے۔
 
اس موقع پر راجہ ظہور حسین اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دینے والے کونسلر محمد مسعود نے سہیل سرفراز ایڈووکیٹ خاندان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے لیڈر چاہییں جو نہ مفادات کے پجاری ہوں اور نہ حق بات کرتے ان کی ٹانگیں کانپیں۔ مگر یہ جرات کسی چور کو نصیب نہیں ہوتی۔ راجہ ظہور حسین نے کہا کہ حلقہ دو میرپور کی عوام ان چوروں کو اٹھا کر باہر پھینک دے گی ہم نے کرپشن کے سارے ثبوت مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو مہیا کر دیئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 331035

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/331035/کشمیر-میں-بسنے-والے-انسان-ہیں-ان-کے-حقوق-کا-بھی-احترام-کیا-جائے-سہیل-سرفراز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org