0
Monday 16 Dec 2013 18:25

زیادہ مہنگائی پشاور میں اور جلوس لاہور سے نکالے جا رہے ہیں، پرویز رشید

زیادہ مہنگائی پشاور میں اور جلوس لاہور سے نکالے جا رہے ہیں، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، 6 ماہ قبل ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، معیشت ڈوب رہی تھی، موجودہ حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالتے ہی 500 ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کئے۔ اس وقت بجلی کی 20/ 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن ہمارے اقدامات کی بدولت لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے واضح پالیسی اپنائی ہے، ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے، 5 ماہ کے دوران جی ڈی پی کی شرح 5 فیصد سے زائد ہو چکی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 5 ماہ کے دوران 17 فیصد زیادہ ٹیکس وصول کیا گیا، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ہم نے بدعنوانی کا خاتمہ کیا اور ہمارے مؤقف کی انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی نے تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے باعث حالات میں بہتری آئی ہے اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ کراچی میں قانون حرکت میں اور مجرم گرفت میں آرہے ہیں۔ ملک کے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور یہ چیز کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق پر تنقید کرنیوالی جماعتوں کو بتائیں کہ ان کے صوبوں کی کیا حالت ہے۔ عمران خان نے اپنے صوبے کے لوگوں کیلئے کیا کیا؟ انہوں نے پٹواری کلچر کا خاتمہ کرنے کا اعلان کیا تھا کیا انہوں نے پٹوار خانے ختم کئے؟ پشاور میں لاہور سے زیادہ مہنگائی ہے اور جلوس یہاں نکالے جا رہے ہیں۔ لاہور میں ہلہ گلہ کرنیوالے عمران بتائیں کیا آپ نے خیبر پی کے کو بہتر بنایا؟ کیا انہوں نے پشاور کو لاہور سے بہتر بنایا؟ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان اب لاہور میں ہلہ گلہ کرینگے، عمران خان دعوے کے باوجود پولیس میں اصلاحات نہیں لا سکے۔ پاکستان کی معیشت کیساتھ عمران خان کی کیا لڑائی ہے؟ عمران بیرون ملک کی سرمایہ کاری کو خراب کر رہے ہیں۔ عمران خان جمہوری نظام کو ڈبونا چاہتے ہیں۔ ان کا ہلہ گلہ جمہوریت کیلئے مناسب نہیں، بلے کا ہلہ گلہ سڑکوں پر نہ کریں۔ یہ ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ عمران خان 22 دسمبر کو لاہور میں لوگوں کو لالچ دے کر لا رہے ہیں، عمران خان کی سونامی لاہور کی مال روڈ کی پیالی میں بند ہو جائیگی۔ عمران خان جمہوریت پر حملہ کرنے کی روش ترک کریں اور سبق سیکھیں۔ عمران اگر الیکشن میں نہیں جیتے تو اس کا انتقام جمہوریت سے نہ لیں۔ اپنا مقدمہ عدلیہ اور میڈیا کے سامنے پیش کریں۔ عمران کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مینار پاکستان میں جلسہ کر کے دکھائیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہماری حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے وہ کام صرف پانچ ماہ میں کر دیئے ہیں جو گزشتہ 12 سال میں نہیں ہو سکے۔ ڈکٹیٹروں کے بعد عمران خان وہ واحد سیاستدان ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ وہ جمہوری حکومت کو ختم کرینگے اور کارکن جون 2014ء تک عام انتخابات کی تیاری کریں‘ میں ان سے کہوں گا کہ سڑکوں پر دھرنے دیکر حکومت ختم کرنے کی باتیں اب ختم ہو چکی ہیں، غیر جمہوری انداز سے حکومتوں کو ختم کرنے کی روش بھی اب ختم ہو چکی ہے۔ برطانوی وزیراعظم ہو‘ یورپی ممالک یا ترکی کے صدر آج ہر کوئی پاکستان میں ترقی کیلئے تعاون کر رہا ہے لیکن عمران خان نے دھرنا دیکر 25 دوست ممالک کے خلاف نیا کھیل کھیلنا شروع کر رکھا ہے۔ عمران خان کی پاکستان کے دوستوں کے دشمنی ہر پاکستانی کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 331225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش