QR CodeQR Code

ایران کیساتھ پابندیوں، دھونس اور دباؤ کی زبان میں بات نہیں کی جاسکتی، محمد جواد ظریف

17 Dec 2013 09:47

اسلام ٹائمز: جنیوا مذاکرات کے بارے میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی تجزیہ کار مذاکرات کے مضمون کے بارے میں گفتگو نہیں کر رہا ہے بلکہ سب ایران کی طاقت کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ ایران نے اپنی بات منوالی ہے اور نیا ماحول بنایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے گيارہويں صدارتی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت سے دنیا والوں کو معلوم ہوگيا ہے کہ اس ملک کے ساتھ پابندیوں، دباؤ اور دھمکیوں کی زبان میں نہیں بلکہ صرف عزت اور شرافت سے بات کی جاسکتی ہے۔ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق محمد جواد ظریف نے پیر کے دن ایرانی صنعت کے نویں فیسٹیول کی اختتامیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم نے گذشتہ تین مہینوں میں جو حاصل کیا ہے وہ ملت ایران کی استقامت، پائمردی، تحمل اور خود اعتمادی کا مرہون منت ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملت ایران نے ایسا ماحول فراہم کیا، جس سے دشمنوں کے کئی برسوں کے پروپیگنڈا، جو ایران کے بارے میں غلط تصورات اور ایران سے وحشت پر استوار تھا، باطل ہوگیا اور ملت ایران نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ عالمی اور ملکی سطح پر اپنا مستقبل خود سدھار سکتی ہے اور یہ وہی ملت ہے جس نے چودہ جون کے صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت کی تھی۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ یہ وقت ملت ایران کے کردار ادا کرنے کا وقت ہے اور ہمارے سیاسی، اقتصادی اور علمی و سائنسی حلقوں کو جس چیز کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ موجودہ موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے جینوا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اگر تجزیوں پر توجہ کی جائے تو یہ دیکھنے کو ملے گا کہ کوئی مذاکرات کے مضمون کے بارے میں گفتگو نہیں کر رہا ہے بلکہ سب ایران کی طاقت کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ  ایران نے اپنی بات منوالی ہے اور نیا ماحول بنایا ہے۔

درایں اثناء اسلامی جمہوری ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کی اصولی پالیسی اسلامی انقلاب کے اصولوں اور اقدار کی پابندی کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنا اور دیگر ممالک سے مثبت اور تعمیری تعلقات قائم کرنا ہے۔ انہوں نے تاریا گرونبرگ سے ملاقات میں جینوا مذاکرات کے بارے میں اسلامی جمہوری ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران موجودہ اصول و موازین پر پابند رہتے ہوئے ایٹمی معاملے کو حل کرنے کا عزم مصصم رکھتی ہے۔ اس ملاقات میں یورپی پارلیمنٹ کے وفد کی سربراہ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین جینوا مذاکرات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 331383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/331383/ایران-کیساتھ-پابندیوں-دھونس-اور-دباؤ-کی-زبان-میں-بات-نہیں-جاسکتی-محمد-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org