0
Tuesday 17 Dec 2013 23:22

نواب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی کیلئے کوئی سودا بازی اور ڈیل نہیں کرینگے، عوامی نیشنل پارٹی

نواب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی کیلئے کوئی سودا بازی اور ڈیل نہیں کرینگے، عوامی نیشنل پارٹی

اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پارٹی کے مرکزی رہنما کاسی قبیلے کے نواب ارباب عبدالظاہر کاسی کی بحفاظت بازیابی اور صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے 25 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔ ان کی بازیابی کیلئے کوئی ڈیل نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما ارباب عبدالظاہر کاسی کو دو ماہ بعد بھی حکومت اور انتظامیہ بحفاظت بازیاب کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ جس کی وجہ سے حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر کو پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی اور صوبے میں پارٹی کی رکنیت سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ ارباب عبدالظاہرکاسی کی بازیابی کے حوالے سے ان کے قبیلے کی جانب سے بغیر کسی ڈیل کے بازیابی کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلے کی حمایت کی گئی اور پارٹی بھی اس موقف کی مکمل تائید کرتی ہے کیونکہ اے این پی کبھی بھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی اور اصولوں پر نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا ہے۔ اس کے باوجود ہمیں قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے اور ہم نے ملک کی سلامتی اور امن کی بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نواب عبدالظاہرکاسی کی بازیابی کیلئے کوئی سودا بازی اور ڈیل نہیں کریگی، ہمارا ضمیر اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ ان کی بازیابی کیلئے حکومت اور اداروں کی خاموشی ہمیں قابل قبول نہیں۔ اس طرح کی وارداتوں سے امن و امان، قومی، مذہبی اہمیت عالمی سطح پر خراب ہو رہی ہے۔ ہم نے حکومت کو بارہا کہا ہے کہ وہ اپنے موقف پر قائم رہے۔ کیونکہ جس طرح کاسی قبیلے اور پارٹی نے سودے بازی کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ دیگر لوگ بھی اس پر عملدرآمد کریں اور ہم نے کبھی بھی دہشتگردوں، اغواء کاروں کے سامنے گھٹنے کبھی بھی نہیں ٹیکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ 800 رہنماؤں اور کارکنوں کی جانوں کا نذرانہ دینے کے باوجود ہمیں اپنے موقف سے نہیں ہٹھایا گیا۔ نواب ارباب عبدالظاہرکاسی کی بحفاظت بازیابی اور صوبے میں امن و امان کیلئے ایک نکاتی ایجنڈے پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس 25 دسمبرکو کوئٹہ میں منعقد ہوگی۔ جس میں تمام سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں کو دعوت دینگے۔ جس کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے رہنما جمال شاہ اور ان کے بیٹے کی شاہرگ بازار سے اغواء نما گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگرا نہوں نے کوئی جرم کیا ہے، تو انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے اور جوڈیشل انکوائری کی جائے کیونکہ اس نے کوئی کرپشن نہیں کی وہ ایک سیاسی شخص ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے قربانی دی اور اب بھی دے رہے ہیں۔ عدم تشدد کے فلسفے کے داعی ہونے کی وجہ سے بندوق نہیں اٹھا سکتے۔ حکومت سے گزارش ہے کہ وہ اپنی حکمت عملی واضح کرے۔ سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کے بعد تحریک چلائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے ہمراہ آنے والے وزراء اور ایک ذمہ دار انتظامی آفیسر نے بھی ارباب عبدالظاہر کاسی کے بازیابی کے حوالے سے بےبسی کا اظہار کیا تھا۔ حالانکہ ہم نے انہیں کہا ہے کہ وہ ان قوتوں کی نشاندہی کریں، جو درپردہ رہ کر یہ کارروائیاں کر رہی ہے۔ عوام حکومت کے ساتھ ہیں۔

خبر کا کوڈ : 331607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش