0
Friday 20 Dec 2013 00:35

آئین کو نہ ماننے اور ہتھیار نہ پھینکنے والوں سے حکومت مزاکرات نہ کرے، ثروت اعجاز قادری

آئین کو نہ ماننے اور ہتھیار نہ پھینکنے والوں سے حکومت مزاکرات نہ کرے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے دہشتگردوں کو ہتھیار پھینکنے ہونگے، حکومت ایسے افراد سے مذاکرات نہ کرے جو ملک کے آئین کو نہ مانیں اور اسلحہ نہ پھینکیں، پاکستان سنی تحریک ملک کو مسائل کے بھنور سے نکلتا، خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتی ہے، اقتصادی اور معاشی مثبت پالیسیوں کی بھر پور حمایت کریں گے، حکومت کی طرف سے بے روزگار نوجوانوں کو قرضے فراہم کرنے کی شرائط غریب کی پہنچ سے دور ہیں، حکومت ایسی پالیسی وضع کرے کہ شرائط ایسے ہوں کہ غریب عوام قرضے لیکر روزگار چلا سکیں، 5 جنوری کو نشتر پارک میں پاکستان بچاؤ جانثاران مصطفی (ص) کانفرنس منعقد ہوگی، کارکنان سنی تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی لیبر اسکوائر یونٹ کے دورے کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عید میلاد النبی (ص) شایان شان طریقے سے منانے کیلئے کارکنان تیاریاں شروع کر دیں گھر گھر چراغاں اور سبز پرچم لہرائیں، پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے باز رہیں جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے وہ پاکستان کے عوام سے معافی مانگیں بصورت دیگر سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ ہم غیرت مند قوم ہیں ملک کے وقار و سلامتی کیلئے جان دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے، حکومت بنگلہ دیش کے سفیر کو طلب کرکے اپنا احتجاج نوٹ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور تنظیم کی پالیسی کے تحت اپنے علاقوں، محلوں میں کام تیز کر دیں۔ پاکستان ہماری آن و شان اور پہچان ہے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، مٹھی بھر دہشتگردوں سے خوفزدہ ہو کر ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کیلئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 332362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش