0
Friday 20 Dec 2013 19:26

بلدیاتی آرڈیننس، ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کا سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بلدیاتی آرڈیننس، ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کا سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ لیبر ڈویژن کے زیر اہتمام سندھ حکومت کی جانب سے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس اور مختلف اداروں میں مزدور دشمن پالیسیوں کیخلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی سی بی اے یونینوں اور مزدور تنظیموں کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے انچارج کاظم رضا، جوائنٹ انچارجز لیبر ڈویژن صابر خان، زوار حسن اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے صدر جاوید نہال نے خطاب کیا اور سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈینینس کو کراچی دشمن اور سیاہ قانون قرار دیتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کامطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں ایم کیو ایم کے پرچم، پلے کارڈز اور بینزز اٹھا رکھے تھے جن پر ’نامنظور نامنظور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ نامنظور، مالیاتی اداروں میں بے جا مداخلت بند کرو، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مالی بجٹ پر ڈاکہ نامنظور، پورٹ قاسم اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو فوری بحال کیا جائے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اعلیٰ انتظامیہ کا لسانی بنیاد پر ملازمین کے ساتھ متعصبانہ سلوک نامنظور، مزدور دشمن پالیسیاں بندکرو‘‘ نعرے درج تھے۔

مظاہرے سے خطاب میں انچارج لیبر ڈویژن کاظم رضا نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس سیاہ قانون ہے جو جاگیردارانہ سوچ کی عکاسی ہے، کراچی کے لوگ آزاد خیال اور پڑھے لکھے ہیں جو اپنے حقوق کو کسی صورت سلب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سازشی عناصر کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ قائد تحریک الطاف حسین کا محنت کشوں سے خصوصی تعلق ہے جسے کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔ لیبر ڈویژن کے جوائنٹ انچارجز صابر خان اور زوارحسن نے کہا کہ کراچی اور اس کے اداروں پر جو شب خون مارا جا رہا ہے وہ ظلم کی انتہا ہے، اس سیاہ قانون کے تحت کراچی کے مالیاتی اداروں کو سندھ گورنمنٹ میں ضم کرنے کی گھنائونی سازش کی گئی ہے جس کے باعث ادارے مالی بحران کا شکار ہیں اور ملازمین تاحال تنخواہوں سے محروم ہیں۔ یونائٹیڈ لیبر فیڈریشن کے صدر جاوید نہال نے کہا کہ سندھ اسمبلی اب اسمبلی نہیں رہی بلکہ یہ آرڈینینس فیکٹری بن چکی ہے جہاں سے آئے دن نئے نئے سیاہ قانون عوام پر لاگو کئے جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 332588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش