QR CodeQR Code

کوئٹہ میئرشپ، پشتونخوامیپ اور نیشنل پارٹی کے باقاعدہ اتحاد کا اعلان

20 Dec 2013 22:25

اسلام ٹائمز: گذشتہ روز کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مالک) کے مرکزی رہنماؤں نے مشترکہ ملاقات کی۔ جس میں طے پایا کہ شہر میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کی تشکیل کیلئے دونوں جماعتیں باہمی رضامند ہیں اور اس عہدے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسین بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز عبدالقادر آغا، احمد جان، خوشحال خان کاسی اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نیاز احمد بلوچ اور اسلم بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کو داد و تحسین پیش کی اور کہا گیا کہ گڈ گورننس کے قیام اور صوبے میں کرپشن کے مکمل خاتمے پر دونوں پارٹیوں میں مکمل اتفاق رائے ہے۔ صوبائی حکومت میں باہمی اعتماد کے تحت دونوں پارٹیاں اتحادی کی حیثیت سے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔ اسی طرح کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی اور عوام و شہریوں کو امن سمیت ان کے دیگر بنیادی شہری مسائل حل کرکے کوئٹہ کو ایک خوبصورت شہر بنانے کیلئے دونوں پارٹیاں انتہائی سنجیدہ ہیں اور اس کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ کوئٹہ میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کو مشترکہ طور پر پایہء تکمیل تک پہنچایا جائیگا اور دونوں پارٹیوں کا مشترکہ پینل ہو گا۔ جس میں اب کونسلروں کی تعداد 28 ہو چکی ہے اور دیگر پارٹیوں اور آزاد ارکان کے ساتھ رابطوں کو بڑھایا جائیگا تاکہ کوئٹہ میں شہریوں کیلئے مضبوط مقامی حکومت تشکیل دیکر اس کے ذریعے کوئٹہ کے شہریوں کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 332640

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/332640/کوئٹہ-میئرشپ-پشتونخوامیپ-اور-نیشنل-پارٹی-کے-باقاعدہ-اتحاد-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org