0
Monday 20 Apr 2009 17:19

صیہونیستی حکومت نسل پرستی کی بدترین شکل ہے: محمود احمدی نژاد

صیہونیستی حکومت نسل پرستی کی بدترین شکل ہے: محمود احمدی نژاد
ایران کے صدر جناب محمود احمدی نژاد جو جنیوا میں اقوام متحدہ کی نسلی امتیاز کے خلاف عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ آئے ہوئے ہیں نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت نسل پرستی کا بدترین مصداق ہے۔
وہ سوئٹزرلینڈ کے صدر جناب ہانس رڈولف مرز سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے استعماری طاقتوں کے انسانی حقوق کو ایک سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنے اور مغربی ممالک کے دوگانہ رویے پر شدید تنقید کی۔
جناب احمدی نژاد نے بین الاقوامی اقتصادی نظام کی ناکامیوں کو عالمی اقتصادی ڈھانچے پر حکمفرما ظالمانہ اور غیر اخلاقی رویوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس نظام میں تبدیلی اور عدالت، صلح، دوستی اور انسانی و اخلاقی اقدار کی بنیاد پر اس کی از سر نو تعمیر پر زور دیا۔
ایرانی صدر نے عراق میں امریکہ کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی سفارتکاروں کو اغوا کئے جانے کی مذمت کی اور سوئٹزرلینڈ کے صدر سے، ایران میں سوئٹزرلینڈ کا امریکی مفادات کا نمائندہ ہونے کے ناطے، جلد از جلد ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
جناب احمدی نژاد نے اسرائیلی حکومت کو نسل پرستی کی بدترین شکل قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی بنیادوں کو مستحکم کرنے اور نسل پرستی کا ہر شکل میں خاتمہ کرنے کیلئے باہمی گفتگو پر زور دیا۔
سوئٹزرلینڈ کے صدر نے بھِی جناب احمدی نژاد کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے غزہ میں انجام پانے والے صیہونیستی جرائم کی تحقیق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی تھی اور ان ناگوار حوادث کی تحقیقات کے خواہاں ہیں۔
جناب ہانس رڈولف مرز نے سوئٹزرلینڈ کی سیاسی خودمختاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس پر بعض ممالک کی طرف سے دباو ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: "سوئٹزرلینڈ امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کے سلسلے میں کسی بھی قسم کا دباو برداشت نہیں کرے گا"۔
خبر کا کوڈ : 3328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش